0
Friday 3 Feb 2017 14:51
ملک کیساتھ ظلم کیا گیا اس بارے میں سوال ہونا چاہیے

نئی نسل کو مذہب اور سیاست کے نام پر نوجوانوں کو برباد کرنیوالوں سے بچانا ہے، وزیراعظم نواز شریف

2013ء میں کئے گئے تمام وعدے 2018ء تک پورے کریں گے
نئی نسل کو مذہب اور سیاست کے نام پر نوجوانوں کو برباد کرنیوالوں سے بچانا ہے، وزیراعظم نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کیلئے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچے، جہاں نوری آباد میں وزیراعظم نے کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹر وے کے ایک سیکشن کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک نیا سنگ میل عبور کرنے جا رہے ہیں، کراچی حیدرآباد موٹر وے کا افتتاح بھی اس سلسلے کی کڑی ہے، راستہ مشکل ہو تو منزل تک رسائی بھی مشکل ہو جاتی ہے، اس لئے منزل تک پہنچنا ہے تو پہلے راستوں کو آسان بنانا ہوگا، فاصلے کم ہوتے ہیں تو لوگ قریب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فاصلے کم ہوں گے اور تجارتی فاصلے رواں دواں ہوں گے، کراچی حیدرآباد موٹروے پر 60 فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج لوگ اپنی آنکھوں سے ایک نیا پاکستان تعمیر ہوتا دیکھ رہے ہیں، موٹر وے اور میٹرو اب خیالی باتیں نہیں رہیں، ہم نے اس خواب کو تعبیر دی ہے، یہ وہ وعدے ہیں، جو ہم نے 2013ء میں کئے تھے، جن کو پورا کر رہے ہیں اور 2018ء تک تمام وعدے پورے کریں گے، ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں، جو اپنے مفاد کیلئے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، ان کے اخلاق کو برباد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ نوجوانوں اور قوم سے مخلص نہیں ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیر ایک ویژن کا تقاضا کرتی ہے، قوم کی تعمیر کھیل نہیں، اس کیلئے ویژن، جذبہ اور عوام سے محبت ضروری ہے، اسی کے تحت ہم نے 3 سال پہلے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سڑکوں کی کیا ضرورت ہے، تاہم چارٹر طیاروں پر اڑنے والوں کو سڑکوں کی ضرورت نہیں، اس موٹر وے کی ضرورت عوام کو ہے، مزدوروں اور کسانوں کو سڑکوں کی ضرورت ہے، جو لوگ ہیلی کاپٹر اور چارٹر طیاروں میں اڑتے ہیں، ان کو سڑکوں کی اہمیت کا کیا پتا، لہٰذا طیاروں میں سفر کرنے والے دیکھیں کہ عوام کو سڑکوں کی کتنی ضرورت ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بہت تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، صوبے میں سڑکوں کا ایک عظیم الشان جال بن رہا ہے، گوادر ایک اہم بندرگاہ بننے جا رہی ہے، حکومت کی اس پر پوری توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نقشہ تبدیل ہو رہا ہے، بجلی پاکستان میں واپس آگئی ہے، جبکہ مزید 10 ہزار میگا واٹ بجلی رواں سال سسٹم میں شامل کریں گے، تاہم اس ملک کے ساتھ ظلم کیا گیا، اس بارے میں سوال ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم ترقی پر توجہ دے رہے ہیں، دھرنوں کیلئے ہمارے پاس وقت نہیں ہے، وہ کرتے رہیں دھرنے، ہم اپنے کام کو کرتے رہیں گے، لوگوں کو پتہ لگ جائے گا کہ کون دھرنے والے ہیں اور کون ترقی والے، ہمارا ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے، اس میں ہم کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے، لہٰذا دھرنے والے آکر اس میں ہمارا مقابلہ کریں، جبکہ دھرنے والوں کا فیصلہ لوگ پہلے ہی کر چکے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کون کام کرتا ہے اور کون دھرنوں میں اپنا وقت ضائع کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 606139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش