0
Friday 10 Feb 2017 15:58

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جامعہ اردو کے طلباء کا شدید احتجاج

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جامعہ اردو کے طلباء کا شدید احتجاج
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 3 طالبات کے بعد آج وفاقی جامعہ اردو کے طلباء نے یونیورسٹی روڈ پر شدید احتجاج کیا اور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی جامعہ اردو کے طلباء نے یونیورسٹی روڈ پر گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حسن اسکوائر سے نیپا اور نیپا سے حسن اسکوائر جانے والے روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا، جس سے زیر تعمیر روڈ پر شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ احتجاج کرنے والے طلباء نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ’’گو وی سی گو‘‘ کے نعرے تحریر تھے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وفاقی اردو جامعہ کا کوئی پوائنٹ سسٹم نہیں ہے، جس کے باعث طلباء کو پبلک ٹرانسپورٹ میں دھکے کھانے پڑتے ہیں اور آئے روز ٹریفک حادثات میں طلباء اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء نے میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ زیر تعمیر روڈ پر ٹریفک کیلئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں، تاکہ طالب علموں اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعد ازاں حکام کی جانب سے یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 608154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش