0
Saturday 18 Feb 2017 20:58

صوبہ بناؤ تحریک پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی، ڈسٹرکٹ بار ملتان

صوبہ بناؤ تحریک پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی، ڈسٹرکٹ بار ملتان
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان نے علیحدہ صوبہ کی ہڑتال ختم کرنے اور منسوخ کی گئی ممبرشپ بحال کرنے پر ہائیکورٹ بار کی قیادت پر تحفظات کا اظہارکیا ہے۔ اس سلسلے میں صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان ایم یوسف زبیر نے سابق صدور سید اطہرحسن شاہ بخاری، عظیم الحق پیرزادہ، وسیم ممتاز، اللہ دتہ کاشف بوسن، جنرل سیکرٹری سید انیس مہدی اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ حکومت اورتخت لاہورکی جانب سے حقوق غصب کرنے پر جنوبی پنجاب کے 6 کروڑ عوام کو انصاف دلانے کے لئے وکلاء کی طرف سے علیحدہ صوبہ اور خود مختار ہائیکورٹ کی تحریک کا آغاز کیا گیا اور جنرل باڈی کے اجلاس میں ہر جمعہ کو مکمل ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن ہائیکورٹ بار نے یکطرفہ طور پر یہ ہڑتال ختم کر کے شدید زیادتی کی ہے جس پر افسوس اور تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ اگر صوبہ بناؤ تحریک پر کسی قسم کی سودے بازی کی گئی تو اسے کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صوبہ کا قیام وسیب کے ہر فرد کی پکار ہے اور وکلاء نے ایسا شعور پیدا کر دیا کہ اب دنیا کی کوئی طاقت جنوبی پنجاب کو صوبہ بننے سے نہیں روک سکتی ہے، الگ صوبہ حاصل کر کے رہیں گے۔ پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے 17 نومبر 2016ء کے جنرل باڈی اجلاس میں ہڑتال کی خلاف ورزی کرنے والے وکلاء کی ممبرشپ منسوخ کی گئی تھی وہ بھی بار اور بینچ کے درمیان مفاہمت کے لئے بحال کر دی گئی ہے، اب وہ ووٹ بھی ڈال سکیں گے، اس طرح کے اقدامات جنرل باڈی کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ صدر بار نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر نے کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں جس کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ضلع کچہری میں بھی سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ آخر میں شہدائے لاہور، کوئٹہ، پشاور، آواران اور سہیون شریف کے شہداء کے ایصال ثواب، لواحقین کے صبر وجمیل کے لئے دعا کرائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 610782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش