0
Wednesday 22 Feb 2017 20:11

امریکہ نے ااپنی بقا کیلئے پوری دنیا پہ جنگ مسلط کر رکھی ہے، مولانا شیرانی

امریکہ نے ااپنی بقا کیلئے پوری دنیا پہ جنگ مسلط کر رکھی ہے، مولانا شیرانی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) بلوچستان کے سابق امیر و اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ جو بین الاقوامی رولز ہیں، انکے مطابق مردم شماری کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، مردم شماری کے حوالے سے اس بات پر بلوچستان میں تمام سیاسی جماعتیں اور قومیتیں متفق ہیں کہ اس میں بےضابطگیوں کا سدباب ہونا چاہیئے اور غیر ملکیوں کا اندراج نہ ہو، جو ہمارے اپنے لوگ گھر بار چھوڑ کر چلے گئے ہیں، انکا اندراج ہو، یہ اصولی باتیں ہیں جن پر کوئی دو رائے نہیں ہوسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج خضدار میں جے یو آئی کے رہنماء قاری عبدالفتاح مینگل کی رہائشگاہ پر کارکنوں اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے رہنماء و اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی مولانا عبدالواسع، سینیٹر حافظ حمداللہ، سابق صوبائی وزیر مولانا عطاءاللہ لانگو، سابق صوبائی وزیر مولانا فیض اللہ، عین اللہ شمس، جے یو آئی کے رہنما سردار سعید احمد لانگو، جے یو آئی کے رہنما مولانا عنایت اللہ رودینی، مولانا محمد اسحاق شاہوانی و دیگر موجود تھے۔ جے یو آئی کے سابق صوبائی امیر مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ دنیا میں تبدیل ہونے والے حالات یہی بتا رہے ہیں کہ ایک طرف روس اور چین اور دوسری طرف امریکہ اور مغرب مدمقابل آنے والے ہیں، جس سے دنیاء میں مزید جنگ و جدل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس میں استعمال ہمارے مسلمان بھائی ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا شیرانی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سی پیک کامیاب ہو اور ملکی معیشت میں بہتری آئے، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ ماضی کے تلخ تجربات کی بجائے ایمانداری اور دیانتداری کی پیروی کرکے قومی منصوبے کو کامیاب کرکے ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائے اور ملکی معیشت کو سہارا دیا جائے۔ ماضی کے مشاہدات اور منصوبوں میں بے ضابطگیوں کو دیکھتے ہوئے ہم یہ تسلّی نہیں کرسکتے ہیں کہ یہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا چونکہ اختیار داروں کے پاس پیسے کمانے کا حرص کہیں زیادہ ہوتا ہے، جو دیرپا منصوبوں اور قومی منصوبوں پر توجہ دینے کی بجائے اپنی جیب پر ہی زیادہ توجہ دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ قومی منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پاتے ہیں اور ہمیں خدشہ بھی ہی ہے کہ یہ سی پیک کا حال بھی ماضی سے کچھ مختلف نہیں ہوگا۔ جے یو آئی بلوچستان کے سابق صوبائی امیر مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ دنیا میں جنگ مسلط کرنا اور مسلمان ممالک میں کشت و خون جاری رکھنا امریکہ کی مجبوری ہے اور وہ گذشتہ کئی سالوں سے مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے۔ آج سے ڈیڑھ سال قبل جو خفیہ دستاویزات سامنے آئیں، اس میں یہ بات واضح کی گئی تھی کہ اگر امریکہ جنگ سے کنارہ کشی اختیار کرلیتا ہے تو اس کے وجود کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور خود امریکہ ہی تہہ و تیغ ہو جائیگا۔ اپنی بقا کی خاطر امریکہ نے پوری دنیا پر جنگ مسلط کر رکھی ہے اور وہ یہ جنگ جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 612013
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش