0
Sunday 12 Mar 2017 09:28
نہتے عوام كا بے دردی سے قتل عام اور ايسی شرمناک كارروائياں، دہشتگردوں كی شكست ظاہر كرتی ہیں

ایران کیجانب سے دمشق میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

ایران کیجانب سے دمشق میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے شام کے دارالحکومت دمشق میں دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے بالخصوص زائرین پر ہولناک کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ايک بيان ميں کل دمشق ميں ہونے والے خودكش حملے ميں نہتے افراد بالخصوص مظلوم زائرين كی شہادت پر غم اور افسوس كا اظہار كيا۔ انہوں نے اس ہولناک اور غيرانسانی كارروائی ميں شہيد ہونے والے عراقی اور ديگر زائرين کے لواحقين سے تعزيت كا اظہار كيا۔ ایرانی دفتر خارجہ كے ترجمان نے كہا كہ نہتے عوام كا بے دردی سے قتل عام اور ايسی شرمناک كارروائياں، دہشتگردوں كی شكست ظاہر كرتی ہیں۔ انہوں نے كہا كہ دہشتگردوں كی حمايت كرنے والے عناصر بھی اب جان چكے ہيں كہ فوجی محاذ پر ان كو سنگين شكست ہوئی ہے، اس لئے وہ ايسی انسانيت سوز کارروائیوں کے ذریعے شام ميں امن عمل كو تباہ اور جنگ بندی كو نقصان پہنچانے كی سازشيں كر رہے ہيں۔

شام کی خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق کل ایک دھماکہ دمشق کے معروف قبرستان باب الصغیر کے قریب ہوا اور دوسرا دھماکہ باب المصلٰی کے علاقے میں ہوا، جبکہ ان دونوں دھماکوں میں چھیالیس افراد شہید اور ایک سو بیس زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہید ہونے والوں میں بیشتر کا تعلق عراق سے ہے، جو زیارت کے لئے شام گئے ہوئے تھے۔ ایک بم دھماکہ سڑک کے کنارے اس وقت ہوا جب وہاں سے ایک مسافر بس گزر رہی تھی۔ یہ زائرین باب الصغیر کی زیارت کے لئے وہاں پہنچے تھے اور دوسرا دھماکہ جو باب المصلٰی کے قریب ہوا، خودکش تھا۔ عراق کی طرح شام میں بھی جیسے جیسے دہشت گردوں کو شکست ہو رہی ہے، وہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 617790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش