0
Wednesday 15 Mar 2017 09:34

وزیر ہائیرایجوکیشن پنجاب نے حجاب کے حوالے سے اپنا بیان واپس لے لیا

وزیر ہائیرایجوکیشن پنجاب نے حجاب کے حوالے سے اپنا بیان واپس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں حجاب اوڑھنے والی طالبات کو اضافی 5 نمبر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے این جی اوز کے دباؤ میں آکر اضافی نمبروں کا اعلان واپس لیا ہے۔ پنجاب کے وزیر ہائیر ایجوکیشن رضاعلی گیلانی نے لاہور میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ میں منعقدہ اجلاس میں اس کا اعلان کیا تھا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے گرلز کالجز کیلئے اسلامی نقطہ نظر کے تحت نئی پالیسی کا اعلان کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنے دین کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، مذہب، اخلاقیات اور اقدار کو بھولتے جا رہے ہیں، اسلامی معاشرے میں حجاب کی قدر کی جاتی ہے۔ ادھر ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیرہائیر ایجوکیشن کے بیان کا سرکاری پالیسی سے کوئی تعلق نہیں نہ ہی پنجاب حکومت نے حجاب اوڑھنے والی طالبات کو اضافی نمبر دینے کا کوئی اعلان کیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی زیر بحث ہے۔ بعدازاں سید علی گیلانی نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیان سے یوٹرن نہیں لیا، حجاب سے متعلق سفارشات پیش کی ہیں، اضافی نمبر دینے کی بات بے بنیاد ہے، سفارشات کو حتمی شکل دے کر وزیراعلیٰ کو پیش کریں گے۔ سفارشات کی بات کی تھی جس پر ابھی بھی قائم ہوں۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ حجاب اوڑھنے والی طالبات کو اضافی نمبر نہیں بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے وظائف رکھیں گے تاکہ طالبات میں حجاب اوڑھنے کا رجحان پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مذہبی اقدار ہیں جن کو ملحوظ رکھتے ہوئے سفارشات وزیراعلیٰ کو ارسال کی ہیں تاہم ان کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ شہباز شریف ہی دیں گے۔ قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری کی دختر آصفہ بھٹو زرداری نے بھی تعلیمی اداروں میں حجاب پر اضافی نمبروں کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ عجیب فیصلہ ہے اس فیصلے کی رو سے غیر مسلم طالبات کا کیا بنے گا؟ جبکہ اس حوالے سے ممتاز دانشور اور صحافی زاہد ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی مذہب میں حجاب پر پابندی نہیں۔ زاہد ملک نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب خواتین کو حجاب کا حکم دیتے ہیں اور بالخصوص حجاب ہماری مشرقی روایات کا حصہ ہے،اس کو دین سے نہ بھی جوڑا جائے تو اس کی افادیت اپنی جگہ پر ہے۔ حجات عورت کے حسن میں اضافہ کرتا ہے، اس کو پاکستان میں متنازع نہ بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 618331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش