0
Monday 28 Mar 2011 14:38

پاکستانی ایجنسیاں ملکی سلامتی اور خودمختاری کو قائم رکھنے کے بجائے قومی سلامتی کے منافی اقدامات کر رہی ہیں، جماعت اسلامی

پاکستانی ایجنسیاں ملکی سلامتی اور خودمختاری کو قائم رکھنے کے بجائے قومی سلامتی کے منافی اقدامات کر رہی ہیں، جماعت اسلامی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایجنسیاں ملک کی سلامتی اور خودمختاری کو قائم رکھنے کے بجائے مسلسل قومی سلامتی کے منافی اقدامات کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ان کے معصوم بچوں کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کرنے کے بعد اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں سے باز رکھنے کے لئے ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو انتہائی گھناؤنا کھیل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل مسلح افراد نے ڈاکٹر فوزیہ کے گھر میں کود کر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بچوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور اہل خانہ کو ہراساں کیا، اس اقدام کا مقصد بھی یہی تھا کہ کسی طرح عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے چلائی جانے والی تحریک کو ختم کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن شہریوں پر دہشت گردی کا جھوٹا الزام لگا کر امریکہ کے حوالے اور اس کے عوض ڈالر وصول کرنے کا مذموم کھیل پرویز مشرف نے شروع کیا تھا مگر ملک سے آمریت کے خاتمے کے باوجود آج بھی آمروں کا کھیل جاری ہے۔ پورے ملک سے شہریوں کو اغوا کر کے لاپتہ کر دیا جاتا ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے جس قسم کا ردعمل ابھر سکتا ہے حکمران اس کے مضمرات سے بےخبر ہیں اور مسلسل امریکی خوشنودی کے لئے شہریوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر والوں کو ہراساں کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے۔

خبر کا کوڈ : 61932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش