0
Sunday 27 Mar 2011 22:19

فوج اور وفاقی وصوبائی حکومتیں امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کی ذمہ دار ہیں، سید منور حسن

فوج اور وفاقی وصوبائی حکومتیں امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کی ذمہ دار ہیں، سید منور حسن
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔سید منور حسن نے کہا ہے کہ فوج اور وفاقی و صوبائی حکومتیں امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کی ذمہ دار ہیں۔ قومی مجرم کی رہائی پر جج چھٹی اور شریف برادران لندن چلے گئے۔ محب وطن کے طور پر مشہور جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ امریکہ میں قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کے حوالے سے امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا جائے، امریکہ جواب دہ ہے کہ اس نے ملعون پادری کے خلاف کیا کارروائی کی ہے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی اور توہین رسالت کے واقعات کے خلاف او آئی سی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ سید منور حسن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی ایک دوسرے کے خلاف چارج شیٹ سچ پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں ریمنڈ ڈیوس کی شرمناک رہائی، ڈرون حملوں، مہنگائی، کرپشن، بے رحمانہ ٹیکس اور حکومتی نااہلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
سید منور حسن نے کہا کہ ملکی معاملات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی ملکی حالات کو بگاڑنے کی ذمہ دار ہے۔ زرداریوں اور گیلانیوں کی وجہ سے لوگوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ایسا انقلاب چاہتے ہیں جس سے مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت سے عوام کو نجا ت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس ایک قومی مجرم تھا جسے ملی بھگت سے رہا کر دیا گیا لیکن آصف علی زرداری کو آج تک ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھانے کی توفیق نہیں ہوئی۔ سید منور حسن نے واضح کیا کہ تحریک تحفظ ناموس رسالت ختم نہیں ہو گی۔ جب ضرورت ہو گی اس پلیٹ فارم پر دوبارہ لوگوں کو اکٹھا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ بلوچستان اور کراچی کی شناخت بن چکی ہے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی ایک دوسرے کے خلاف چارج شیٹ سچ پر مبنی ہے، دونوں ایک دوسرے کے بارے میں سچ بول رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں صرف انتخابات سے تبدیلی نہیں آئے گی۔ انقلاب کے بعد ہی صاف شفاف اور دھاندلی سے پاک انتخابات ہو سکتے ہیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ امّت کے ایجنڈے کے حوالے سے پاکستان کے عوام بیدار، پرجوش اور منزل کی جانب گامزن ہیں۔ نائن الیون کے بعد مغرب اور امریکہ نے توہین رسالت کی سرپرستی کرنا شروع کر دی ہے۔ اب بات قرآن پاک کو نذرآتش کرنے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ اور مغرب کے گماشتے موجود ہیں جو عوام کے گلے میں امریکی غلامی کا طوق ڈالنا اور آزادی و خودمختاری سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔
سید منور حسن نے کہا کہ ہم معاشرے میں افہام و تفہیم کا فروغ اور گھر گھر عدل و انصاف پہنچانا چاہتے ہیں۔ پرامن انقلاب دستک دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں خلافت راشدہ کا مثالی نظام لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ مذہب اور سیاست الگ الگ ہیں وہ بتائیں امریکی ملعون پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ مذہبی ہے یا سیاسی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شریعت نافذ نہ کرنے اور قرآن و سنت کے احکامات کو تسلیم کرنے والے درحقیقت ظالم اور فاسق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت، قران پاک کی بے حرمتی کے ان واقعات کے حوالے سے مسلمان قطعا صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے اور حوصلے سے دعوت دین کو فروغ دینے کا کام جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 61800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش