0
Thursday 30 Mar 2017 14:53

سپریم کورٹ سے اختیارات لیں گے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، میئر کراچی

سپریم کورٹ سے اختیارات لیں گے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے اس لئے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، اختیارات کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان جاوید چوہدری کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پچھلے 8 سالوں سے کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، اگر اس شہر میں کبھی پیسا خرچ ہوا ہے تو وہ صرف پرویز مشرف کے دور میں ہوا ہے، نا اس سے پہلے ہوا ہے نا بعد میں، یہ شہر پورے ملک اور سندھ کو چلاتا ہے، یہ معاشی حب ہے مگر اس کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانا میری ذمہ داری نہیں ہے، میرے پاس اس کے اختیارات نہیں ہیں، اس حوالے سے اختیارات وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہیں لیکن وہ اس پر سنجیدگی سے عمل ہی نہیں کر رہے ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم حیدرآباد گئے اچھے اعلانات کئے لیکن انہیں کراچی کو بھی دیکھنا چاہیئے، کراچی کے حوالے سے اقدامات بھی کرنے چاہئیں جب کہ میں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے میں جو کرسکتا تھا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس انٹرویو کے ذریعے وزیراعظم کو پیغام دے رہا ہوں کہ آپ مجھے ملاقات کے لئے بلائیں، اگر پاکستان پییلز پارٹی اس شہر کو نہیں دیکھتی تو وزیراعظم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان معاملات کو دیکھیں، سندھ کے ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85 فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک نہیں ملتا اور اگر ملتا بھی ہے تو وہ بھی گندا، یہ میں نہیں سپریم کورٹ کہہ رہی ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ خود قبول کرچکے ہیں کہ وہ کراچی کا کچرا اٹھانے میں ناکام ہوچکے ہیں، لہٰذا اب اس حوالے سے وزیراعظم کو کوئی اقدام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، جے یو آئی اور اے این پی پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کے خلاف ہیں اور میرے ساتھ ہیں، جب کہ ہماری پوری تیاری ہوچکی ہے، ہم سپریم کورٹ کے دروازے پر جائیں گے اور اختیارات لیں گے، مجھے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا، مجھے پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمارے حق میں ہی فیصلہ دے گی۔
خبر کا کوڈ : 622993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش