0
Monday 4 Apr 2011 12:52

بےنظیر قتل رپورٹ کو منظرعام پر نہیں لایا جائیگا، پارٹی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جہانگیر بدر

بےنظیر قتل رپورٹ کو منظرعام پر نہیں لایا جائیگا، پارٹی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جہانگیر بدر
نوڈیرو:اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ بےنظیر قتل کیس کی رپورٹ کو شائع نہیں کیا جائے گا۔ نوڈیرو میں پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر بدر نے کہا کہ بےنظیر بھٹو قتل کیس رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا جائے گا۔ قتل کیس رپورٹ سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بہت محنت کی ہے۔ جہانگیر بدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے تمام چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بےنظیر بھٹو قتل کیس کی رپورٹ پیش کر دی گئی، تاہم رپورٹ کو اگلے اجلاس تک منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رپورٹ پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قیادت نے اطمینان کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ اس پر پارٹی کے اندر مزید مشاورت کی جائے گی، اجلاس کے شرکاء نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور جمہوریت کے فروغ کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کااعادہ اور صدر آصف علی زرداری ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دیکر ہم نے بےنظیر بھٹو کے قتل کا انتقام لے لیا، جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کیلئے زندگی وقف کرنا ہو گی۔ اتوار کی رات پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس نوڈیرو صدارتی کیمپ آفس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف زرداری کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، وفاقی وزیر قانون بابر اعوان، پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ اور مرکزی مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کو وطن واپسی پر خطرات کے باوجود مناسب سیکیورٹی نہیں دی گئی، انہوں نے کہا کہ تحقیقات رپورٹ کا قبل از وقت اجراء مقدمے کی پیشرفت کو سبوتاژ کر سکتا ہے۔ اجلاس میں بابر اعوان نے ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس ری اوپن کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں دائر کی جانیوالی ریفرنس پر شرکاء کو بریفنگ دی اور تمام شرکاء نے ریفرنس دائر کرنے کے فیصلے کی تائید کی۔ اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 63059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش