0
Sunday 30 Apr 2017 03:05
نیوز لیکس رپورٹ میں اصل مجرم کو بچا لیا گیا، یہ پاکستان کے مفاد کا مسئلہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا

فوج نے نوٹیفیکشن مسترد کرکے اچھا کیا، نیوز لیکس کی مکمل رپورٹ سامنے لائی جائے، اپوزیشن

فوج نے نوٹیفیکشن مسترد کرکے اچھا کیا، نیوز لیکس کی مکمل رپورٹ سامنے لائی جائے، اپوزیشن
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن نے نیوز لیکس کی انکوائری رپورٹ سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیوز لیکس رپورٹ میں اصل مجرم کو بچا لیا گیا ہے۔ مکمل رپورٹ قوم کے سامنے لائی جائے۔ پاک فوج نے نوٹیفکیشن مسترد کرکے اچھا کیا۔ یہ ملکی مفاد کا معاملہ ہے، اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا پاک فوج نے ڈان لیکس کے نوٹیفیکیشن کو مسترد کرکے اچھا کیا ہے۔ وزیر داخلہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ رپورٹ متفقہ نہیں آ رہی۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا یہ بڑا حساس مسئلہ ہے۔ بدقسمتی سے وزیراعظم ہائوس سے یہ خبر لیک ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہم بھی اس نوٹیفیکیشن کو مسترد کرتے ہیں، جو ذمہ دار ہیں ان کو ہاتھ بھی نہیں لگایا گیا۔ بڑی حساس رپورٹ تھی، جو بے دردی سے ختم کی گئی۔ یہ پاکستان کے مفاد کا مسئلہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ جندال کے ساتھ مری میں ملاقات نے نیا پنڈورا باکس کھولا۔ انہوں نے کہا کہ 2 ذمہ دار افراد کو فارغ کرکے کچھ کو بچا لینا درست نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت اور فوج میں نیوز لیکس پر اعتماد کا فقدان دکھائی دے رہا ہے اور سکیورٹی سے متعلق معاملے کو ٹالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا نیوز لیکس سے متعلق مکمل رپورٹ شائع کی جائے۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا پی ٹی آئی پاک فوج کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان کا کہنا تھا حکومت سچ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ طارق فاطمی کو ہٹانا کافی نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم متنازع ہوچکے ہیں، جن پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔ نعیم الحق نے نیوز لیکس کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مکمل رپورٹ قوم کے سامنے لائی جائے، تاکہ اس سکیورٹی لیپس کے پیچھے موجود عناصر کا تعین کیا جا سکے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا نیوزلیکس کی رپورٹ میں بنیادی مجرم کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ آدھا تیتر اور آدھا بیٹر ہے۔ درمیانی راستہ اختیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا جنرل قمر جاوید باجوہ جب آرمی چیف بنے اور پہلی میٹنگ ہوئی تو سب سے پہلے نیوز لیکس کا سوال اٹھایا گیا، پھر جب قمر جاوید باجوہ کھاریاں گئے تو وہاں پر بھی جوانوں نے اسی حوالے سے سوالات پوچھے تو فوج کی جانب سے یہ معاملہ بڑے پیمانے پر اٹھایا گیا، جس کے بعد نواز شریف حرکت میں آئے۔ پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے نیوز لیکس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا رپورٹ پر حکومت اور کمشن سے ’’مٹی پائو‘‘ والے عمل کی ہی امید تھی۔ طارق فاطمی کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ اتنا بڑا قدم اٹھا سکیں۔ اگر طارق فاطمی نے اتنا بڑا قدم اٹھایا بھی ہے تو یہ غداری کے زمرے میں آتا ہے، ان کو تو جیل میں ہونا چاہئے تھا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے نیوز لیکس پر حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معاملے میں ملوث مریم نواز اور پرویز رشید کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 632136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش