0
Tuesday 5 Apr 2011 20:52

21 خودکش بمبار لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں داخل، سیکیورٹی ریڈ الرٹ

21 خودکش بمبار لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں داخل، سیکیورٹی ریڈ الرٹ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سخی سرور دربار سے پکڑے گئے دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ 21 خودکش بمبار لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں داخل ہو چکے ہیں۔ سنسنی خیز انکشافات کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات پولیس کی نفری میں مزید اضافہ کرتے ہوئے انہیں ہر 8 گھنٹے بعد تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں اور شہر میں واقع تمام مزاروں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حساس اداروں نے سی آئی ڈی اور سی آئی اے پولیس کی مدد سے ایک بار پھر پنجاب بھر میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سی سی پی او محمد اسلم ترین، ڈی آئی جی آپریشن راﺅ سردار علی اور ایس پی مجاہد منتظر مہدی نے گزشتہ روز ایک سیکیورٹی میٹنگ کے بعد شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہر گاڑی کی تلاشی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کے بعد گزشتہ روز شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ڈویژنل پولیس افسران نے شہر میں ناکہ بندی کر کے چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ حساس اداروں کو گرفتار دہشت گردوں سے کچھ ایسے اشارے ملے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر میں بھارتی خفیہ ایجنسی (را) ملوث ہو سکتی ہے اور گرفتار تمام دہشت گرد یا تو افغانستان سے آئے ہیں یا یہ پاکستان میں افغانستان سے ملنے والی سرحدی پٹی کے رہنے والے بتائے گئے ہیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنجاب میں بھر میں سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے اور اس سرچ آپریشن میں حساس اداروں کے علاوہ سی آئی ڈی، سپیشل برانچ اور سی آئی اے کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ سپیشل برانچ نے سکیورٹی کے حوالے سے ایک رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھجوائی ہے جس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں زیادہ جانی نقصان کی وجہ سکیورٹی کے ناقص انتظامات کو قرار دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 63357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش