0
Sunday 14 May 2017 22:15

کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے ملین مارچ پر پولیس کی شیلنگ، مصطفیٰ کمال زخمی

کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے ملین مارچ پر پولیس کی شیلنگ، مصطفیٰ کمال زخمی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پاک سرزمین پارٹی کے ملین مارچ کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ ایک شیل سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کو لگنے سے وہ زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کا 16 مطالبات کے حق میں ملین مارچ کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر رواں دواں تھا کہ ایف ٹی سی کے قریب پولیس نے کارواں کو آگے جانے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم شرکاء نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا، اور بات مزید آگے بڑھنے پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ نقاب پوش پولیس اہلکاروں کی جانب سے شرکاء کی طرف پھینکا گیا ایک شیل سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کو جا لگا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے پی ایس پی کے رہنماء انیس قائم خانی پر بھی واٹر کینن کا استعمال کیا، جس سے وہ پانی میں نہا گئے۔

پولیس نے روایتی انداز میں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے پکڑ دھکڑ شروع کر دی اور درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ پولیس نے انیس قائم خانی کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو کارکنان کی بڑی تعداد نے اہلکاروں کو گھیر لیا، جس پر پولیس اہلکاروں کو پیچھے ہٹنا پڑا، جبکہ ٹرک پر موجود سربراہ پی ایس پی شیلنگ کے باوجود وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اس سے قبل ایف ٹی سی کے قریب شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملین مارچ کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ شہر کے لوگوں کو ان کے حقوق دلوانا ہیں، عوام کے بنیادی حقوق ہر حال میں لے کر رہیں گے، عوام اپنے حقوق کی آواز بلند کریں اور پاکستان کیلئے سوچیں، کیونکہ ہم پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔ پی ایس پی کے رہنماء انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ہمارا مارچ پرامن ہوگا، لیکن کوئی روکے نہیں، ہمارے احتجاج میں کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوگی، پھر بھی ہمیں روکا گیا تو نتائج کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 636800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش