0
Friday 26 May 2017 23:18

نواز حکومت کا وفاقی بجٹ سیاسی و انتخابی ہے، ثروت اعجاز قادری

نواز حکومت کا وفاقی بجٹ سیاسی و انتخابی ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے وفاقی بجٹ کو اعدادوشمار کا گورکھ دھندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ سیاسی و انتخابی ہے، موجودہ حکومت غربت کے خاتمے اور تعلیم و صحت فراہم کرنے میں برُی طرح ناکام ہے، چار سالوں میں نواز حکومت نے عوام سے کئے وعدے پورے نہیں کئے۔ اپنے ردعمل میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ گھریلو صارفین اور ٹیکسٹائل فیکٹریاں بجلی و گیس کی عدم فراہمی کا شکار ہیں، مالداروں اور سرمایہ داروں سے ٹیکس وصول نہیں ہوتا، عوام پر سارا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے، بجلی، گیس، ٹیلی فون کے بلوں پر دس قسم کے ٹیکس وصول کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی پر اربوں روپے مختص کئے جا رہے ہیں، مگر پورے ملک میں کسی ایک شہر میں پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ہے، آلودہ پانی سے امواتیں ہونا عام ہو چکی ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ چار سال بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے آئندہ الیکشن میں وزیراعظم اپنی جماعت کی پوزیشن مضبوط بنانا چاہتے ہیں، مزدور و غریب جو فیکٹریوں میں دن رات ملازمت کرتے ہیں، ان کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ کیا گیا، مزدورں، کسانوں اور غریبوں کی تنخواہ کم از کم 25 ہزار ماہانہ کی جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں نظر آرہا ہے کہ نواز حکومت نئے شعبوں میں ٹیکس لگائی گی یا بیرونی قرضے لے گی، جو کسی طور بھی ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی قرضے عوام پر خرچ ہونے کی بجائے کرپشن کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کا سارا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نواز حکومت کو اپنی نیت اچھی کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 640717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش