0
Monday 19 Jun 2017 20:37

اقتدار میں آکر کرپشن اور لوٹ مار کرنیوالے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے، عمران خان

اقتدار میں آکر کرپشن اور لوٹ مار کرنیوالے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف برادران آصف زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو لوٹتے ہیں، جبکہ اقتدار میں آکر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی اور محمود آباد میں پی ایس 114 ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار انجینئر نجیب ہارون کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں اور قوم کے پیسوں سے دبئی اور دیگر ممالک میں محلات بنائے جا رہے ہیں، جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے، وہ نام نہاد لیڈروں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے، جبکہ باریاں لینے والے عوام کے حالات کو بہتر نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پیسے چوری کرکے باہر لے جایا جاتا ہے، اگر پیسے چوری ہونے سے بچ جائیں اور ملک میں سرمایہ کاری ہو تو بے روزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا، جبکہ ملک میں انصاف کا نظام لانے پر پاکستانی قوم دنیا کی عظیم قوم بن سکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف برادران آصف زرداری کے ساتھ ملکر ملک کو لوٹ رہے ہیں، یہ کرپشن اور چائنا کٹنگ کرتے ہیں، مگر ان ڈاکوؤں کے خلاف تحریک انصاف اپنی جنگ جیتے گی اور ایک ہی آواز ہوگی “گو نواز گو”۔ انہوں نے کہا کہ جماعتوں نے بار بار باریاں لیں اور ان جماعتوں کے لوگ ارب پتی ہوگئے، مگر آج ان جماعتوں کے خلاف ریفرنڈم کا وقت آگیا ہے، پی ایس 114 کا ضمنی الیکشن چوروں کے خلاف ریفرنڈم ہوگا، ہم عوام کے لوٹے ہوئے اربوں روپے واپس لا کر ان چوروں اور کرپٹ مافیا کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے۔ چیمپئنزٹرافی کا ٹائٹل جیتنے پر عمران خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، میں پوری قوم کو پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، جبکہ سرفراز احمد سمیت پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خصوصا فخر زمان کو، قومی ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر اس ہی طرح سے پوری قوم متحد ہو جائے تو چاند پر پہنچا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 647295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش