0
Sunday 25 Jun 2017 00:44

پاراچنار دہشتگردی، ایم ڈبلیو ایم کے مطالبات

پاراچنار دہشتگردی، ایم ڈبلیو ایم کے مطالبات
اسلام ٹائمز۔ پارا چنار میں بے گناہ شہریوں پر یکے بعد دیگرے دہشت گردی کی دو کارروائیوں کے بعد شہر شہر احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام جو احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اس میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف سے ذیل مطالبات کئے گئے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ پارا چنار میں تعینات پاک فوج کے کرنل اجمل اور کرنل عمر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، چونکہ انہوں نے پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کا آرڈر دیا ہے، صرف یہی نہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والے شہریوں پہ فائرنگ کا حکم دیا۔ یہی نہیں بلکہ گذشتہ بم دھماکے کے بعد جو احتجاجی مظاہرہ شہریوں نے کیا تو اس وقت مظاہرین پر فائرنگ کا حکم انہی افسران نے دیا اور مظاہرین میں سے کئی افراد کو پکڑ کر چھ چھ ماہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اسی مطالبے کے ذیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان ایف سی اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری کی جائے، جنہوں نے پرامن مظاہرین کے سینوں اور پیشانیوں کو نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے شہادتیں ہوئیں۔ ان اہلکاروں کیخلاف انکوائری کے بعد ان کے خلاف سخت سے سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ کرنل عمر اور کرنل اجمل کے خلاف محکمانہ کارروائی سے کم از کم پاراچنار میں امن آجائیگا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ظلم کے خلاف احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، ہمیں اس حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، مظاہرین کی گرفتاری کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے، جبکہ مظاہرے میں شریک جن نوجوانوں کو اعلانیہ گرفتار نہیں کیا جاتا، انہیں ان کے گھروں سے اٹھایا جاتا ہے۔ گرفتار نوجوانوں کو عدالتوں میں پیش کئے بنا جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، اس ظالمانہ سلسلے کو بند کیا جائے۔ ہمارے بنیادی حقوق (بجلی وغیرہ) فراہم کی جائے اور ظالمانہ پابندیوں کو ختم کیا جائے، جیسے موبائل سروس کا تعطل، انٹرنیٹ سروس کی معطلی اور میڈیا پر قدغن کو ختم کیا جائے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات پر مثبت پیش رفت نہ کی تو چند روز بعد دوبارہ احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 648686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش