0
Wednesday 5 Jul 2017 00:05

ملک میں انتہاپسندی، دہشتگردی، کلاشنکوف و ڈرگ کلچر ضیاء کی آمریت کا تحفہ ہیں، بلاول بھٹو

ملک میں انتہاپسندی، دہشتگردی، کلاشنکوف و ڈرگ کلچر ضیاء کی آمریت کا تحفہ ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج سے 40 سال قبل ایک آمر کے ہاتھوں ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان حکومت کا تختہ الٹے جانے کے موقع پر آج 5 جولائی بروز بدھ ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، کیونکہ اس روز قوم کی امیدوں اور توقعات کو اس آمر نے روند ڈالا تھا، جو ان تمام مصائب کی بنیاد ہے کہ جن سے آج تک عوام نبرد آزما ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتہاپسندی، دہشتگردی، کلاشنکوف اور ڈرگ کلچر ضیاء کی آمریت کا تحفہ ہیں، اس نے پاکستان کے جمہوریت پسند اور حقیقی محب وطن لوگوں کے خلاف وحشت کو بے لگام کر دیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوری حکومت کے خاتمے کے بعد بیگناہ اور نہتے پاکستانیوں پر حوالات سے لے کر اذیت گاہوں تک اور کوڑوں سے لے کر پھانسی گھاٹ تک، حتیٰ کہ بربریت اور تشدد کی تمام حربے استعمال کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین انتقامی کارروایوں اور آمریتی ریاستی دہشتگردی کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستانی عوام اور بالخصوص جیالے ثابت قدم رہے اور جانفشانی سے جمہوریت کی جنگ لڑے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی قائدین، کارکنان، جیالوں اور ان تمام عام شہریوں کو سلام پیش کیا، جنہوں نے جمہوریت اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی خاطر ضیاء کے مظالم کا سامنا کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آج بروز بدھ 5 جولائی یوم سیاہ منایا جائیگا اور اس ضمن میں صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر تمام تنظیمی دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائینگے۔
خبر کا کوڈ : 650848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش