0
Sunday 6 Aug 2017 00:04

میں میثاق جمہوریت پر اب بھی قائم ہوں، نواز شریف

میں میثاق جمہوریت پر اب بھی قائم ہوں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بہت کچھ سمجھ میں آ رہا ہے اور کہنا چاہتا ہوں لیکن ابھی خاموش بھی رہنا چاہتا ہوں۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سینئر اخبار نویسوں سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ ملکی اور عالمی میڈیا سب اس پر لکھ اور بول رہے ہیں، مجھے سرکاری فنڈز میں خرد برد کی ضرورت نہیں، میرے خلاف کوئی کرپشن، کک بیک یا سرکاری خزانے میں کرپشن کی ہوتی تو کوئی بات بھی تھی، ایک بیٹے نے پیسے باہر سے بھجوائے اور دوسرے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اس پر اعتراض کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ مجھے اس وجہ سے نااہل کیا گیا کہ اپنے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی، جب تنخواہ لی ہی نہیں تو اسے ظاہر کرنے کی ضرورت کیا ہے اور جو پیسہ ملا ہی نہ ہو تو اس کا کیسا ٹیکس ریٹرن جمع کراؤں۔ کسی وزیراعظم کے ساتھ اس سے بڑا اور کیا مذاق ہو سکتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ترقی کا پہیہ رکا ہو یا ملک میں انتشار پھیلا ہو، ملک معاشی طور پر بہترین چل رہا تھا، میں نے نامناسب رویہ اختیار نہیں کیا، تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہوں، دھرنوں والی زبان کا جواب نہیں دیا، بہت کچھ سمجھ میں آ رہا ہے اور کہنا چاہتا ہوں لیکن ابھی خاموش رہنا چاہتا ہوں پر ہمیشہ خاموش نہیں رہوں گا۔ نوازشریف نے کہا کہ میں میثاق جمہوریت پر اب بھی قائم ہوں، اس پر رضا ربانی، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور صفدر عباسی نے محنت کی جبکہ اس پر میں نے عملاً کام کر کے دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم بن کر بھی زرداری صاحب کے پاس گیا، جب زرداری صاحب ریٹائر ہوئے تو اچھے انداز سے رخصت کیا، ملک جب ٹوٹا تو سب روئے کیا ہم نے سبق سیکھا، یہاں اکبر بگٹی کو بے دردی سے مارا گیا لیکن آہستہ آہستہ لوگ سب سمجھ جائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 658840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش