0
Tuesday 15 Aug 2017 18:13

قائداعظم جیسے عظیم رہنما کے وطن پر پانامہ زدہ حکمران مسلط ہوگئے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

قائداعظم جیسے عظیم رہنما کے وطن پر پانامہ زدہ حکمران مسلط ہوگئے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے جشن آزادی کے موقع پر جعفر طیار سوسائٹی کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی و استحکام کے لئے اسی جوش و جذبے اور جدوجہد کی ضرورت ہے، جس کا اظہار تحریک پاکستان کے دوران کیا جاتا رہا ہے، ہمیں مسلکی، لسانی اور دیگر حد بندیوں سے نکل کر ایک قوم کی شکل میں آگے بڑھنا ہوگا، تاکہ وطن عزیز کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن خداوند کی طرف سے عظیم عطیہ اور نعمت ہے، جو ان گنت قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے، پاکستان کا نام اپنے اندر ایک معنویت، نظریہ اور جامعیت سمیٹے ہوئے ہے، یہ ملک مادر وطن ہماری شناخت ہے، برصغیر میں ہمیں قائداعظم جیسی عظیم قیادت اور علامہ اقبال جیسے غیر معمولی مفکر کی رہنمائی میسر تھی، محمد علی جناح کی پوری ٹیم اپنی قوم اور مقصد کے ساتھ مخلص تھی، اسی استقامت اور نیک نیتی کے نتیجے میں ہمیں آزاد ریاست ملی، مگر آج بدقسمتی سے پانامہ زدہ بدعنوان لوگ ہم پر مسلط ہیں۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ 80ء کی دہائی میں سیاست میں آنے کے بعد نواز شریف کی دولت میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور آج اس کے بچے بھی ارب پتی ہیں، لٹیرے حکمران اس ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، آج یہ اس قدر اخلاقی تنزلی کا شکار ہیں کہ قوم سے خطاب میں بھی جھوٹ بولا جاتا ہے، اسی طرح آصف علی زرداری نے بھی اس ملک کو غیر معمولی نقصان پہنچایا ہے اور آج بھی وہ یہ سمجھ رہا ہے کہ اقتدار پر حق صرف اس کی نسل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ہوکر بھی اس ملک کو آج تک عالمی قوتوں کے تابع رکھا گیا ہے، عالمی طاقتوں کے مفادات کو مقدم سمجھا جاتا رہا اور قومی مفادات مصلحتوں کی نذر ہوتے رہے، ہر طرح کے وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود بھی تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات زندگی میں مصلحتی تقاضے اور حکومتی نااہلی رکاوٹ بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، ہم سب نے مل کر عہد کرنا ہوگا کہ مادر وطن کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے اور اس ملک کی سالمیت و بقاء کے لئے بلاتخصیص رنگ و نسل جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 661491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش