0
Thursday 7 Sep 2017 18:24

نیب ایگزیکٹور بورڈ نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز دائر کرنیکی منظوری دیدی

نیب ایگزیکٹور بورڈ نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز دائر کرنیکی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس کی منظوری دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں ہوا، ذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 4 ریفرنس پیش کیے گیے جس کی بورڈ نے منظوری دیدی ہے، منظور کیے گئے ریفرنسز میں شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس شامل ہیں۔ نیب نے چاروں ریفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تیار کیے ہیں۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 21 جولائی 2017ء کے سپریم کورٹ کے پاناماکیس کے فیصلے کے تناظر میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مہیا کردہ مواد پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ریفرنس تیار کیے جس میں نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف 3 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ایک ریفرنس ایون فیلڈ پراپرٹیز پارک لین لندن میں فلیٹ نمبر 16 اور 16 اے، دوسرا 17 اور 17 اے، جدہ میں ہل میٹل کمپنی اور عزیزیہ اسٹیل کمپنی سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ فلیگ شپ انوسٹمنٹ لمیٹڈ و دیگر 15 کمپنیوں سے متعلق تیسرا جبکہ چوتھا ریفرنس اسحاق ڈار کے آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے مقررہ وقت میں ریفرنس کی تکمیل پر لاہور اور راولپنڈی نیب کی تحقیقاتی ٹیمز کی کارکردگی کو سراہا اور پراسیکیوشن کو احتساب عدالتوں میں بھرپور طریقے سے مقدمات لڑنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ شریف فیملی اور اسحاق ڈار کے خلاف پاناما ریفرنسز عدالت بھجوانے کے لئے نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ دن ہونا تھا تاہم ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر اجلاس ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 667223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش