0
Thursday 12 Oct 2017 23:35
علامہ حسن ظفر نقوی اور گمشدہ افراد کے اہلخانہ کیجانب سے شروع کی جانیوالی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں

لاپتہ شیعہ افراد سمیت اپنے مطالبات قانونی و آئینی طریقے سے منوا کر رہینگے، علامہ ناصر عباس جعفری

جب تک ہمارے نوجوانوں کو بازیاب نہیں کرایا جاتا جیل بھرو تحریک جاری رہے گی
لاپتہ شیعہ افراد سمیت اپنے مطالبات قانونی و آئینی طریقے سے منوا کر رہینگے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی کے بغدادی تھانہ لیاری میں بزرگ شیعہ عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی سے ملاقات کی۔ انہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے علامہ حسن ظفر نقوی کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور انکی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں علامہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء ناصر شیرازی، علامہ باقر زیدی، علامہ نقی نقوی، علی حسین نقوی، آصف صفوی اور احسن رضوی بھی موجود تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکمرانوں نے ارض پاک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، نواز شریف اینڈ کمپنی ملک کی اس تباہی کی ذمہ دار ہے، ملک کو بچانے کیلئے کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون و انصاف کا یہ حال ہے کہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے ہمیں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کے سینکڑوں نوجوان کئی سالوں سے لاپتہ ہیں، انہیں غیر آئینی طریقے سے گھروں سے اٹھایا گیا اور کئی سال گزرنے کے بعد بھی انہیں نہ تو عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے اور نہ ہی اہل خانہ کو ان کی خیریت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے، کیا ان نوجوانوں نے احسان اللہ احسان جیسا جرم کیا ہے کہ انہیں عدالتوں کے سامنے پیش نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے خود قانونی شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں، لاپتہ لوگ اگر مجرم ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کرکے سزا دلائی جائے، مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ریاستی ادارے ہماری اس بے چینی سے دانستہ طور پر لاعلم بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں دہشت گردی کا بھی سب سے زیادہ شکار ہم رہے ہیں، ہمارے ہزاروں نوجوان مختلف سانحات کی نذر ہوئے، لیکن آج تک ذمہ داران کو سزا نہیں سنائی گئی، پورے دنیا جانتی ہے کہ مظلوم کربلا کے ماننے والے کبھی ظالم نہیں ہوسکتے، ہم عزاداری کرتے ہیں، پھر بھی مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ جو عناصر مذہب کے نام پر دہشت اور فرقہ واریت پھیلاتے ہیں، انہیں ریاست تحفظ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا متعصبانہ طرز عمل ہمارے اندر سے وطن کی محبت ختم نہیں کرسکتا، اپنے لاپتہ افراد سمیت اپنے مطالبات قانونی و آئینی طریقے سے منوا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ حسن ظفر نقوی اور گمشدہ افراد کے اہل خانہ کی جانب سے شروع کی جانے والی تحریک کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اس موقعہ پر علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لئے حکومت کی طرف سے مذاکرات میں ہمیں جو یقین دہانی کرائی جاتی ہے، وہ سوائے طفل تسلی کے اور کچھ نہیں، ہم حکومت کو واشگاف انداز میں بتانا چاہتے ہیں کہ جیل بھرو تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک ہمارے نوجوانوں کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، کل نماز جمعہ کے بعد جامع مصطفٰے عباس ٹاﺅن کراچی سے علامہ احمد اقبال رضوی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں اپنی گرفتاری پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 676164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش