0
Wednesday 25 Oct 2017 11:39

حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر 144 نافذ کرتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر 144 نافذ کرتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موبائل فون کا استعمال خلاف قانون قرار دیا گیا ہے، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ پابندی کا اعلامیہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں ضمنی انتخاب جمعرات کے روز ہو رہا ہے۔ حلقے میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بھی پولنگ کا سامان پولنگ اسٹیشنز پہنچانا شروع کردیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 4 میں سکیورٹی صورت حال کے باعث 7 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حلقے میں انتخابی مہم کا منگل کے روز آخری دن تھا۔ دوسری جانب ضمنی انتخاب کے باعث حلقے میں 26 اکتوبر کو عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے، عام تعطیل ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کیلئے دی گئی ہے۔ یہ حلقہ بڈھ بیر، میرہ کچوڑی، ارمڑ بالا، ارمڑ زیریں، ارمڑ مینہ، چمکنی، متنی​ اور سوڑیزئی کے علاقوں پر مشتمل ہے۔ حلقہ این اے 4 کے انتخاب میں حصہ لینے کیلئے 12 امیداوار میدان میں اتریں گے، جس میں سے 5 سیاسی جماعتوں، جبکہ 9 آزاد امیدوار ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی گلزار احمد کے اس سال اگست میں انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار گلزار خان نے 55 ہزار ووٹ حاصل کرکے یہ نشست 35 ہزار کی لمبی لیڈ سے جیتی تھی۔ ان کے قریب ترین امیدوار مسلم لیگ (ن) کے ناصر خان موسٰی زئی نے 20 ہزار ووٹ لئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 679056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش