0
Saturday 11 Nov 2017 15:04

فاروق ستارکی خواہش پر اسٹیبلشمنٹ نے ملاقات کروائی، مصطفیٰ کمال

فاروق ستارکی خواہش پر اسٹیبلشمنٹ نے ملاقات کروائی، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پارٹی بند کر سکتا ہوں لیکن متحدہ میں شامل نہیں ہو سکتا، اگر ہم سے ملک کو نقصان ہے تو پارٹی بند کر دیتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا فاروق ستار گزشتہ 8 ماہ سے ہم سے ملاقات کرتے رہے، ان کی 11 رکنی ٹیم ملاقات کرتی تھی، ہم نے فیصلہ کیا مل کر جماعت کا نیا نام رکھا جائے گا۔ انیس قائم خانی، ڈاکٹر صغیر احمد اور انیس ایڈوکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملاقاتیں فاروق ستار کی خواہش پر اسٹیبلشمنٹ نے کروائیں، خواجہ اظہار اور عامر خان سمیت سب رہنما میٹنگز میں موجود ہوتے تھے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں اسٹیبلشمنٹ کا ایجنٹ نہیں ہوں لیکن رابطے میں ضرور ہوں، کارکنوں کی بازیابی کے لئے اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں کرونگا تو کس سے کرونگا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارا موقف ہے متحدہ بانی ایم کیو ایم کی تھی ہے اور رہے گی، ذرا سی بات کرلیں تو ایم کیو ایم ان سے شکایت کر دیتی ہے، بانی متحدہ را کا ایجنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار بانی متحدہ کا نام کیوں نہیں لیتے، عمران فاروق کو متحدہ بانی نے قتل کرایا، قتل کرنے والے بھارتی سیٹ اپ کے لوگ گرفتار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے فاروق ستار عمران فاروق کی قبر پر کھڑے ہو کر ان کے قاتلوں کے خلاف بد دعا کریں گے، 70 لاپتہ مہاجروں کو میں نے بازیاب کرایا لیکن فاروق ستار کے بیان کے بعد ایسا ہونا بند ہو گیا، بازیاب افراد کا پی ایس پی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا میرے کارکن ایسا کام نہیں کرتے کہ پولیس گھروں پر چھاپے مارے۔ سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ 22 اگست کی تقریر بانی متحدہ نے کی، فاروق ستار اور ساتھی بھی وہیں موجود تھے، میڈیا ہاؤسز پر حملوں کا حکم دیا لیکن کسی نے کارکنوں کو نہیں روکا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں جس کو جو گمان کرنا ہے کرلے، عشرت العباد نے انیس قائم خانی کو متحدہ جوائن کرنے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہاجر آپ کو 30 سال سے مینڈیٹ دے رہے ہیں لیکن آج کراچی تباہ حال کیوں ہے، آپ ہی سب کچھ ہیں تو کراچی مسائل کا گڑھ کیوں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج انہوں نے شہدا قبرستان کے تالے توڑ دیئے، یہ لوگ مہاجروں کا نام استعمال کر کے سیاست کر رہے ہیں، ان سے بڑا مہاجروں کا دشمن کوئی اور نہیں۔
خبر کا کوڈ : 682669
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش