0
Thursday 28 Apr 2011 18:52

یوتھ آف پارہ چنار کا لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ،محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

یوتھ آف پارہ چنار کا لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ،محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ یوتھ آف پارہ چنار کے کارکنوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں پارہ چنار سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرے میں اکثریت پارہ چنار کے ایسے طلباء کی تھی جو لاہور کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں اور محاصرے کی وجہ سے اپنے گھروں کو جانے سے قاصر ہیں۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پارہ چنار عرصہ چار برس سے طالبان دہشت گردوں کے محاصرے میں ہے، وہاں خوراک اور ادویات کی قلت کے باعث لوگ مر رہے ہیں، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ مقررین نے حکمرانوں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آیا پارہ چنار پاکستان کا حصہ نہیں، جو اسکے عوام کے ساتھ اس طرح سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم ایک عرصے سے اپنے گھر نہیں جا سکے، جبکہ ہمیں اپنے عزیز و اقارب کی بھی کوئی خبر نہیں۔ حکومت پارہ چنار ٹل روڈ کھلوائے اور شہر کا محاصرہ بھی ختم کروائے۔
یوتھ آف پارہ چنار کے رہنماﺅں نے ”اسلام ٹائمز“سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی پارہ چنار کے محاصرے پر خاموشی ظالموں کی امداد کے مترادف ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ اگر حکومت نے پارہ چنار کا محاصرہ ختم نہ کرایا تو ہم اس احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ ہم بھی پاکستانی ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں لیکن پاکستان دشمن قوتیں ہمیں پاکستان سے محبت کی سزا دے رہی ہیں، جس کا خمیازہ حکومت کو بھی بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوج نے بلوچوں کو ان کے حقوق دینے اور وہاں سے نکلنے کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پارہ چنار ٹل روڈ پر بھی آپریشن کیا جائے اور وہاں موجود امریکہ کے ایجنٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی کی جائے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ پارہ چنار کا محاصرہ ختم نہ کرایا گیا تو پورے ملک میں زیرتعلیم طلبہ پارلیمنٹ ہاﺅس کا محاصرہ کریں گے اور پارہ چنار کی واگزاری تک پارلیمنٹ ہاﺅس کا محاصرہ ختم نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 68500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش