0
Thursday 18 Jun 2009 12:36

امداد کی بجائے یورپی منڈی تک رسائی دی جائے،نیٹو شدت پسندوں کیخلاف آپریشن میں مدد دے : صدر زرداری

امداد کی بجائے یورپی منڈی تک رسائی دی جائے،نیٹو شدت پسندوں کیخلاف آپریشن میں مدد دے : صدر زرداری
برسلز : صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی ہے کہ نیٹو شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستان کی مدد کرے گا۔ نیٹو کے پالیسی ساز ادارے سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ طالبان سے پوری دنیا کو خطرہ ہے یہ جنگ پاکستان کے عوام ضرور جیتیں گے، نیٹو شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں مدد کرے کیونکہ یہ جنگ صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری مہذب دنیا کی جنگ ہے۔ پاکستان پورے خلوص کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہا ہے اور اس میں بہت سی قربانیاں دی ہیں، مزید امداد کی بجائے یورپی منڈیوں تک پاکستان کو رسائی دی جائے۔ دنیا کی مدد کے ساتھ ہم اس میں کامیابی حاصل کریں گے۔ آدھی جنگ لوگوں کے دلوں اور ذہنوں کو جیتنا ہے،ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہئے،میں "ایم او یو‘‘ چاہتا ہوں ’’ آئی او یو‘‘ نہیں۔ دہشت گرد پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کیلئے خطرہ ہیں،دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شکست کا آپشن نہیں،دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، نیٹو اور پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پارٹنر ہیں،میں ہمیشہ پر امید رہنے والا شخص ہوں تختہ دار سے منصب صدارت پر فائز ہوا ہوں۔ نیٹو اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پارٹنر ہیں، نیٹو لیڈروں سے مفید بات چیت ہوئی۔ ہم بھارت کے ساتھ تعمیری مذاکرات چاہتے ہیں،تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ جنگ پاکستان کے عوام ضرور جیتیں گے۔ یورپی یونین نے پاکستان کے لئے 124 ملین یورو امداد کی یقین دہانی کرائی ہے جس میں سے نصف امداد انسانی بنیادوں پر ملے گی،یہ امداد متاثرین کی بحالی پر خرچ ہو گی۔ یورپی یونین کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ یورپی یونین کے تعاون سے پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو گی،انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو اپنی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کو آزادانہ رسائی دینی چاہئے۔ صدر نے کہا کہ اس وقت پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کے باعث شدید مشکلات سے دو چار ہے پاکستان نہ صرف اپنے مستقبل بلکہ پوری دنیا کے مستقبل کی جنگ لڑ رہا ہے، عالمی برادری پاکستان کی اس مشکل وقت میں مدد کرے۔ میں، میری قوم اور پاکستانی افواج اس جنگ کو جتینے کیلئے پرعزم ہیں،ہم یہ جنگ جیت کر رہیں گے کیونکہ اس جنگ میں پوری قوم حکومت کے ساتھ ہے،یہ جنگ ابھی شروع ہوئی ہے اور وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ یہ جنگ کب ختم ہو گی اور کب تک جاری رہے گی۔ تاہم میں اتنا ضرور بتا سکتا ہوں کہ اس جنگ میں جیت پاکستان قوم کی ہی ہو گی۔ نیٹو اور یورپی یونین کے رہنمائوں سے مذاکرات کامیاب رہے ہیں اور وہ پر اُمید ہیں کہ شدت پسندوں کے خلاف جاری جنگ میں نیٹو پاکستان کی مدد کرے گا، پاکستان بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعمیری مذاکرات چاہتا ہے،پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات پر امن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
برسلز : پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پہلی سربراہ کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کو جی ایس ٹی پلس کے تحت تجارتی مراعات دینے پر غور کرے گی جبکہ پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق بعض کنونشنز پر دستخط کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ سکیورٹی، گڈ گورننس،تخفیف اسلحہ سمیت دیگر معاملات پر بھی بات چیت ہوئی اور مختلف فیصلے کئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین اور پاکستان نے طے شدہ ورکنگ کنٹریکٹس کے تحت ممکنہ ٹریڈ فری ایگریمنٹ اور باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لئے بات چیت پر اتفاق کیا ہے،اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایک دوسرے سے تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ یورپی یونین اور پاکستان نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور پارٹنر ہونے کے ناطے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے لئے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں پاکستان یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، عالمی امور، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم، سائنس، جمہوریت کو مضبوط کرنے، ٹیکنالوجی، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور تجارت میں اضافے کے لئے بات چیت شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لئے فرینڈز آف پاکستان گروپ کی سطح پر تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ یورپی یونین اور پاکستان نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی عالمی امن اور استحکام کے لئے خطرے کا باعث ہے۔ یورپی یونین نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کی کوششون اور عوام کی قربانیوں کو سراہا۔ اجلاس میں تجارت میں اضافے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے یہ طے پایا کہ طے شدہ ورکنگ کنٹریکٹس کے تحت ممکنہ ٹرید فری ایگریمنٹ اور باہمی تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔ یورپی یونین نے پاکستان میں فوجی آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لئے مدد دینے پر اتفاق کیا۔

خبر کا کوڈ : 6852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش