0
Friday 1 Dec 2017 02:32

عید میلادالنبی کو بھرپور انداز سے منائیں گے، میلاد کے جلوسوں میں سبیلوں کا اہتمام کیا جائیگا، علامہ مختار امامی

عید میلادالنبی کو بھرپور انداز سے منائیں گے، میلاد کے جلوسوں میں سبیلوں کا اہتمام کیا جائیگا، علامہ مختار امامی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ پوری بشریت کے لئے نجات بن کر آئے، ایک متوازن معاشرے کی تکمیل اسلامی تعلیمات پر عمل کئے بغیر ممکن نہیں، اس بابرکت موقع پر ہمیں وحدت و اخوت کا عہد کرنا ہوگا اور عید میلاد النبی ﷺ کے جشن کو ملت تشیع بھرپور انداز سے منائے گی، مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور کارکنان و ذمہ داران میلاد کے جلوس میں شریک ہوں گے، ملت تشیع کی طرف سے میلاد کے جلوسوں کے راستوں میں سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ میں تمام مسلمانوں خصوصا تمام تنظیمی عہدیداران سے اپیل کرتا ہوں کہ پورے پاکستان میں جشن عید میلاد النبی ص کو شایان شان طریقے سے منائیں، جلوس کے رستوں میں سبیلیں اور نیاز کا اہتمام کریں، ساری دنیا دیکھ لے کہ نبی ص کے عاشق متحد اور خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، آئین پاکستان کو ہر طریقے سے پامال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کو لاہور واپڈا ٹاؤن سے پولیس کی وردی پہنے افراد نے یکم نومبر کی شب اغوا کیا، اس واقعہ کو ایک ماہ گزر چکا ہے اور ان کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا، حکومت الزام لگاتی ہے کہ انہیں ہمارے مخالف اداروں نے اغوا کیا ہے ہمارا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ اداروں کی طرف سے بھی مسلسل لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ ناصر شیرازی کے معاملے میں ہم حکومت کا تعاقب کرنا نہیں چھوڑیں گے، 10 دسمبر کو لاہور میں بھرپور دھرنا دیا جائے گا، ناصر شیرازی ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سینئر رہنما ہیں ان کی بازیابی کے لیے پارلیمنٹ میں بھی آواز بلند کی گئی ہے، تمام ریاستی اداروں اور پارلیمنٹیرینز کو ہمارا ہم آواز بننا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد و امام بارگاہ باب العلم اسلام آباد میں نمازیوں پر فائرنگ نے نا اہل انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے، دہشت گرد تمام چیک پوسٹوں اور سیکورٹی کیمروں کی موجودگی کے باوجود باآسانی فرار کرگئے لیکن حکومت صرف مذمتی بیان ہی جاری کرنے میں مصروف ہے، اس سانحہ میں مجلس وحدت کے سابق مشیر قانون و سابق ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل سندھ سیدین زیدی بھی شہید ہوئے ہیں، ہم ان کی اور حبدار شاہ کی شہادت پہ ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 686885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش