0
Tuesday 5 Dec 2017 00:12

پاکستانی میڈیا سے نالاں گلگت بلتستان کے عوام کا بھارتی میڈیا کے خلاف احتجاج

پاکستانی میڈیا سے نالاں گلگت بلتستان کے عوام کا بھارتی میڈیا کے خلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران گلگت بلتستان کی جانب سے غیرقانونی اور غیر آئینی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف جاری تحریک کو بھارتی میڈیا کی جانب سے بغاوت کا تاثر دینے کی کوشش پر انڈیا مردہ باد احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا۔ اتحاد چوک گلگت میں منعقدہ احتجاجی تحریک سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ہم انڈین میڈیا میں جی بی کے عوامی حقوق کی تحریک کو منفی طور پر پیش کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم محب وطن پاکستانی ہیں۔ ہمارا بچہ بھی جب ہوش سنبھالتا ہے تو پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتا ہے۔ ہم نے 1947ء میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور ہمارے آباو اجداد نے نہتے ڈوگرہ کو سرحد پار کرا کر اپنی وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ ہمارے گھروں کے چھتوں پہ پاکستان کے پرچم لہرا رہے ہیں۔ ہم نے اپنے قانونی و آئینی حقوق کے لیے ٹیکسز کے حوالے سے احتجاج کیا جس کو انڈیا کے چینلز نے منفی انداز میں پیش کیا ہے، جس کی بھرپور الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو دس دسمبر کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ایڈاپٹیشن ایکٹ 2012ء کی منسوخی کے حوالے سے نوٹفیکشن نہیں کیا گیا تو 12 دسمبر سے عوامی ایکشن کمیٹی حکومت کا بوریا بستر گول کر دے گی۔

مقررین نے کہا کہ پاکستانی چینلز نے ٹیکس کے خلاف تحریک کو نظر انداز کیا تو دشمن ملک کو منفی پروپیگنڈے کا موقع ملا ہے۔ اگر پاکستانی چینلز درست رپورٹنگ کرتے تو یہ نوبت ہرگز نہیں آتی۔ انڈین چینلز میں اس تحریک کو غلط تاثر دینے کی کوشش کی ذمہ داری پاکستانی میڈیا پر عائد ہوتی ہے۔ انڈیا مردہ باد جلسے سے عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ مولانا سلطان رئیس، فدا حسین، کے کے کریم اور دیگر نے خطاب کیا۔  جلسے میں متفقہ طور پر اعلامیہ بھی جاری کیا گیا اور اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی 2013ء سے اب تک عوامی مفاد عامہ کے لیے کام کر رہی ہے اور عوامی ایکشن کمیٹی کا مقصد عوامی مفاد عامہ کے لیے کام کرنا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کا مقصد کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف کام کرنا نہیں ہے۔ ہم حالیہ دنوں جاری ٹیکسز کے خلاف گلگت بلتستان بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال اور دیگر پرامن احتجاجی تحریک کو انڈین چینلوں کی جانب سے ہائی جیک کر کے پروپیگنڈے پر مبنی خبر نشر کرنے کے خلاف احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے پر زور مذمت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 687738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش