0
Tuesday 12 Dec 2017 16:04

امریکی فیصلے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے، اصغر خان اچکزئی

امریکی فیصلے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے، اصغر خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کو عالمی امن کے لئے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فیصلے سے نہ صرف فلسطینی عوام کی دل آزاری ہوئی ہے، بلکہ پوری دنیا میں آباد امت مسلمہ کے دلوں کو ٹھیس بھی پہنچی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ فیصلہ کرنے سے پہلے سوچنا چاہیئے تھا کہ وہ کیا کرنے جا رہا ہے۔ جب تک امریکہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کرتا، امت مسلمہ کو احتجاج کرتے رہنا چاہیئے۔ اے این پی فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ اس خطے کا امن پشتونوں کے امن و استحکام سے وابستہ ہے۔ مذہب اور قوم کے نام پر پشتونوں کو بہت دھوکہ دیا گیا۔ اب پشتون کسی کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور رکن مرکزی کمیٹی صاحب جان کاکڑ سمیت دیگر نے باچا خان مرکز چمن کے سامنے منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کے خلاف صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ بعدازاں باچا خان مرکز چمن کے سامنے احتجاجی ریلی، جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔ نہ صرف مشرق وسطٰی پر اس فیصلے کے اثرات مرتب ہوں گے، بلکہ ہمارے اس خطے تک بھی آگ اور خون کے شعلے پہنچ سکتے ہیں۔ امریکہ نے فلسطینی عوام کی حق پر مبنی جدوجہد اور تحریک سے آنکھیں چراتے ہوئے جارحانہ قوت کا ساتھ دیا ہے۔ دنیا یہ توقع کر رہی تھی کہ ٹرمپ کے اعلان کے ساتھ ہی اسلامی دنیا امریکہ کے ساتھ ہر طرح کے تجارتی معاہدوں کو مکمل معطل کر دے گی۔ مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران اب بھی تذبذب میں ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی آج سے نہیں بلکہ روز اول سے فلسطینیوں کی جاری جدوجہد اور تحریک کی پر زور حامی رہی ہے۔ ہم اب بھی کہتے ہیں کہ فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق ملنے چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 689498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش