0
Monday 18 Dec 2017 13:49

سی پیک کے مغربی روٹ پیکج ون پر 60 فیصد کام مکمل

سی پیک کے مغربی روٹ پیکج ون پر 60 فیصد کام مکمل
اسلام ٹائمز۔ این ایل سی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے پیکج ون کا 60 فیصد کام مکمل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے انتہائی اہم حصے پر تیزی سے کام کررہا ہے اور ابھی تک اس منصوبے کا 60 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ قومی اہمیت کے اس اہم منصوبے کی تکمیل کیلئے این ایل سی انتہائی ماہر انجینئرز اور تعمیراتی عملے کے ساتھ ساتھ جدید ترین مشینری کا استعمال بھی کررہا ہے، تاکہ منصوبے کی معیاری اور بروقت تکمیل کو ممکن بنایا جاسکے۔ براہمہ باہتر تا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے سی پیک مغربی حصہ ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اس موٹروے کا پیکج ون اوپن بڈنگ کے ذریعے این ایل سی کے حوالے کیا ہے، جس پر کام کا آغاز یکم ستمبر 2016ء سے ہوا۔ پیکج ون کی لمبائی ساڈھے 54 کلومیٹر ہے جو یارک سے شروع ہوکر رحمانی خیل پر ختم ہوتا ہے، جسے 13.25 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ توقع کی جاری ہے کہ یہ منصوبہ 30 اگست 2018ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس منصوبے میں 60 کلورٹ، 4پل، 2 انٹر چینج، 22 سروس ڈکٹ اور 2 ٹال پلازہ شامل ہیں۔

گذشتہ روز این ایل سی نے مقامی صحافیوں کو منصوبے کا دورہ کرایا، این ایل سی کے پراجیکٹ منیجر کرنل کمال نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی معیار کو یقینی بناتے ہوئے این ایل سی نے تقریباً 100 فیصد ارتھ روک مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی انجینئرز نے 3پل، 4 انٹر پاس، 52 کلورٹ، کے علاوہ 44 کلومیٹر طویل سب گریڈ کو تکمل تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسفالٹ کا کام بھی شروع ہوچکا ہے اور تاحال منصوبے کے 20 فیصد حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ یارک سے رحمانی خیل تک کل 60 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ کرنل کمال نے بتایا کہ سی پیک پر کام کرنا این ایل سی کیلئے باعث فخر ہے اور منصوبے پر کام قومی خدمت کے جذبے کے تحت جاری ہے۔ این ایل سی کی کوشش ہے کہ معیار پر سمجھوتا کئے بغیر پیکج ون پر کام مقررہ مدت تک تکمل پاسکے۔ انہوں نے این ایچ اے اور دیگر سرکاری اداروں کے تعاون کو بھی سراہا یہ بات قابل ذکر ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان فاصلہ میں نہایت کمی واقع ہوگی بلکہ یہ پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے اہم روٹ کا کردار ادا کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 690786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش