0
Wednesday 27 Dec 2017 14:07

ملالہ یوسفزئی کی فاٹا اصلاحات کی حمایت

ملالہ یوسفزئی کی فاٹا اصلاحات کی حمایت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی نوبیل امن انعام یافتہ خاتون ملالہ یوسفزئی نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں افغان سرحد کے ساتھ واقع قبائلی ایجنسیوں کی صوبہ خیبر پختونخوا میں شمولیت کی حمایت کی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے فاٹا کے عوام عشروں سے اپنے انسانی اور آئینی حقوق سے محروم چلے آرہے ہیں۔ میں فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے سے متعلق فاٹا یوتھ جرگہ کی حمایت کرتی ہوں اور میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ جتنی جلد ممکن ہو، فاٹا کے علاقوں میں اصلاحات نافذ کی جائیں اور فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ ٹویٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کا پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ باقی پاکستانیوں کا ہے، لیکن گذشتہ کئی دہائیوں سے فاٹا کے عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ اس لئے میں فاٹا کے یوتھ جرگہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں اور ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا میں حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ فاٹا ریفارمز کی منظوری میں مزید تاخیر نہ کریں اور وہ جلد از جلد فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں۔

اسے پختونخوا کا حصہ بنائیں تاکہ فاٹا کے عوام کو اپنے بنیادی حقوق ملیں، تمام انسانی اور آئینی حقوق ملیں جو باقی پاکستانیوں کو حاصل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے علاقے سوات کی رہنے والی ملالہ یوسف زئی نے اس وقت اپنے کالموں سے شہرت حاصل کی جب سوات پر طالبان نے قبضہ کرکے لڑکیوں کے سکول بند کردیئے تھے اور ان کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی لگا دی تھی۔ ملالہ ان دنوں سکول کی طالبہ تھیں۔ انہوں نے اپنے کالموں کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں مہم چلائی اور سوات میں بنیاد پرست طالبان کے ہاتھوں لڑکیوں پر جو بیت رہا تھا، اس سے دنیا کو آگاہ کیا۔ طالبان نے ملالہ کو خاموش کرانے کیلئے اس پر اس وقت حملہ کیا جب وہ سکول کی ویگن میں سوار تھیں۔ ان کے سر میں گولی ماری گئی۔ انہیں شدید زخمی اور بے ہوشی کی حالت میں علاج کیلئے برطانیہ منتقل کیا گیا۔ ملالہ کو لڑکیوں کی تعلیم کیلئے بے خوفی سے مہم چلانے پر امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا۔ وہ یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر اور پاکستان کی پہلی خاتون ہیں۔
خبر کا کوڈ : 692857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش