0
Tuesday 9 Jan 2018 17:40

مریم نواز کو سندھ میں ناراض لیگی رہنماؤں کو منانے کا ٹاسک دیدیا گیا

مریم نواز کو سندھ میں ناراض لیگی رہنماؤں کو منانے کا ٹاسک دیدیا گیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے سندھ میں مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماؤں کو منانے کیلئے مریم نواز کو ٹاسک دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم صفدر نواز آئندہ ہفتے سندھ کا دورہ کریں گی اور ن لیگ کے سابق صوبائی صدر غوث علی شاہ سے ملاقات کریں گی، غوث علی شاہ کے پوتے علی نواز شاہ کو وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سندھ میں گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے سندھ میں ن لیگ کے روٹھے ہوئے رہنماؤں اور کارکنوں کو منانے کیلئے مریم صفدر نواز کو ٹاسک دے دیا ہے۔ ن لیگ کے ذرائع کے مطابق مریم صفدر نواز ٹاسک ملنے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر سندھ کا دورہ کریں گی اور سندھ کے دورے میں وہ گاڑی موری میں سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور ن لیگ کے سابق صوبائی صدر سید غوث علی شاہ سے ملاقات کرینگی۔ ن لیگ کے ذرائع کے مطابق سندھ کے دورے کے دوران وہ ن لیگ کے سینئر اور ناراض رہنماؤں کو سندھ میں ن لیگ کو فعال، مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے آمادہ کریں گی، ذرائع کے مطابق سید غوث علی شاہ کے پوتے سید نواز علی شاہ کو وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ میں اپنی مقبولیت کھوتی جا رہی ہے، جس پر ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں ن لیگ کو مضبوط کیا جائے اور آئندہ انتخابات میں سندھ کے مختلف شہروں سے ن لیگ کے امیدوار کھڑے کرکے مخالف جماعتوں سے مقابلہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 695975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش