0
Saturday 13 Jan 2018 22:57

وسیم رضوی نے مدارس کے بہانے قرآن و حدیث کی تعلیمات کو بدنام کرنیکی مذموم کوشش کی ہے، غفران ساجد قاسمی

وسیم رضوی نے مدارس کے بہانے قرآن و حدیث کی تعلیمات کو بدنام کرنیکی مذموم کوشش کی ہے، غفران ساجد قاسمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم دیوبند کے کنوینئر مولانا غفران ساجد قاسمی نے کہا کہ نام نہاد شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کا حالیہ بیان ان کے ذہنی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے، جب سے یوپی میں یوگی کی حکومت بنی ہے وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا چہیتا بننے کی چاہت میں آئے دن کوئی نہ کوئی متنازعہ بیان دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف ان کی زہرافشانی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، انہوں نے مدارس کو دہشتگردی کا اڈہ بتاکر براہِ راست اسلام کی تعلیمات کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی ہے، جس کے لئے انہیں معاف کرنا مزید دریدہ دہنوں کو پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ وسیم رضوی خبط الحواس ہوچکے ہیں اور ان کے ذہن کا دیوالیہ نکل چکا ہے، انہیں سبق سکھانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک گیر سطح پر مدارس کے ذمہ داران ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر کے انہیں قانونی نوٹس بھیجیں تاکہ ان کی عقل ٹھکانے لگ سکے۔

اپنے پریس بیان میں انہوں نے ملکی سطح پر مدارس کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع سے وسیم رضوی کے خلاف عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر کے انہیں قانونی نوٹس بھجوائیں اور ہر شخص اسے اپنی دینی و ملی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ضرور انجام دے۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ مدارس کی تعلیمات قرآن و حدیث پر مبنی ہوتی ہیں اور قرآن و حدیث کی تعلیمات انسانیت کو امن و سلامتی کا درس دیتی ہیں، تشدد اور دہشت گردی کا اسلام کی تعلیمات سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس شخص کے پاس ذرا بھی تاریخ اور اپنے ماضی کا علم ہوتا تو انہیں پتہ چل جاتا کہ آج جس ملک میں وہ آزادی کی سانسیں لے رہے ہیں اس ملک میں آزادی کا صور پھونکنے والے مجاہدین آزادی اسی مدرسہ کے پروردہ تھے، جنہوں نے اپنے وطن کی آزادی کے لئے غاصب انگریز قوم کے خلاف جہاد کیا اور اسے وطن سے بھگا کر دم لیا۔
خبر کا کوڈ : 696813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش