0
Friday 19 Jan 2018 23:27

افغانستان، ایران اور بھارت سے آنیوالے اشیاء کے درآمدی کنٹینرز کی 100 فیصد اسکیننگ شروع کرنیکا فیصلہ

افغانستان، ایران اور بھارت سے آنیوالے اشیاء کے درآمدی کنٹینرز کی 100 فیصد اسکیننگ شروع کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کیلئے افغانستان، ایران اور بھارت سے آنے والے اشیاء کے درآمدی کنٹینرز کی 100 فیصد اسکیننگ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے 25 کروڑ یورو کی لاگت سے بندرگاہوں، بارڈر کراسنگ پوائنٹس و کسٹمز کلیئرنگ اسٹیشنز پر خصوصی اسکینرز نصب کرنے کا منصوبہ متعارف کرایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اس مجوزہ منصوبے کے بارے میں وزیراعظم کو پریزنٹیشن دی جائے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ متعارف کرایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت ایران، افغانستان اور بھارت سے درآمدی اشیاء لیکر آنے والے کنٹینرز کی ڈرائی پورٹس پر 100 فیصد اسیکننگ کی جائے گی اور اس کیلئے اسکینرز نصب کئے جائیں گے، ان اسکینرز کی خریداری و تنصیب کیلئے 25 کروڑ یورو درکار ہیں۔ اس وقت سی پورٹ پر 40 فیصد درآمدی کنٹینرز گرین اور اورنج لائن کے ذریعے کلیئر ہو رہے ہیں، مذکورہ منصوبے کے بعد 100 فیصد کنٹینرز کی کلیئرنس کی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخری عشرے کے دوران ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایف بی آر کے ممبر کسٹمز کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں افغانستان، ایران اور بھارت سے آنے والے درآمدی اشیاء سے بھرے کنٹینرز کی 100 فیصد اسکینگ کا معاملہ سامنے آیا تھا اور انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا تھا کہ اس کیلئے 25 کروڑ یورو درکار ہونگے۔ ایف بی آر کے مذکورہ افسر نے بتایا کہ اب یہ طے پایا ہے کہ اس منصوبے کے بارے میں جامع پریزنٹیشن تیار کی جائے اور آئندہ اجلاس میں وزیراعظم کو پریزنٹیشن دی جائیگی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے منصوبے کی منظوری کی صورت میں اس کا پی سی ون تیار ہوگا، منصوبے کا بنیادی مقصد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال اور ممنوع اشیاء کی آمد کو روکنا ہے، اس کے علاوہ اس اقدام سے اشیاء کی مس ڈکلیئریشن کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 698225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش