0
Saturday 27 Jan 2018 07:34

زینب کیس، سپریم کورٹ نے ملزم کے اکاؤنٹس کا دعویٰ کرنیوالے صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کو طلب کرلیا

زینب کیس، سپریم کورٹ نے ملزم کے اکاؤنٹس کا دعویٰ کرنیوالے صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کو طلب کرلیا
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے بینک اکاؤنس کا دعویٰ کرنے والے اینکر پرسن شاہد مسعود کو طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی کمسن زینب کے واقعے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے، جس کی گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ملزم کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ پولیس نے کمسن زینب کے قتل میں ملوث عمران کو گرفتار کیا جسے عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور ڈی جی فرانزک پنجاب کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔ جب کہ کیس کے ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ کرنے والے اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو بھی عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی وی اینکر نے ملزم کے متعدد بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا، جس کا شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ اسٹیٹ بینک نے ملزم عمران کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین مکمل کرکے کوئی اکاؤنٹ نہ ملنے کی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ اسٹیٹ بینک میں مانیٹری پالیسی کے اعلان موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا کہ زینب قتل کیس میں ہر قسم کا تعاون کریں گے، مرکزی بینک کے ایک افسر کو جے آئی ٹی میں شامل کرنےکا کہا گیا، اسٹیٹ بینک کے افسر شوکت علی کو جے آئی ٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ملزم عمران علی کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، ملزم کے دوسرےشناختی کارڈ پر بھی اکاؤنٹس چیک کررہے ہیں، تاہم ملزم عمران کا ایک موبائل اکاؤنٹ ہے جس میں 130 روپے ہیں۔ طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے ملزم کا ایک اور شناختی کارڈ دیا ہے جس کی چھان بین کررہے ہیں تاہم عمران کا کون سا شناختی کارڈ اصل اور کون سا جعلی ہے اس کا جواب پنجاب حکومت دے گی، مکمل چیک کرنے کے بعد دوسرے شناختی کارڈ سے متعلق جواب دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ترجمان پنجاب حکومت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اینکر پرسن شاہد مسعود کی طرف سے ملزم عمران کے بیرون ملک کرنسی اکاؤنٹس کا کہا گیا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے کر کمیٹی بنائی جب کہ چیف جسٹس نے بھی اس کا نوٹس لیا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس کا بیان دے کر اور اتنی بڑی دروغ گوئی کرکے معاملے کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی، سمجھ نہیں آتی ایسا کیوں کیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ اینکر پرسن شاہد مسعود کو جے آئی ٹی میں بلایا وہ پیش نہیں ہوئے اور انہوں نے حکومت کو بھی جواب نہیں دیا، پنجاب حکومت کے ترجمان نے اینکر پرسن شاہد مسعود کے بیان کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔

جبکہ رانا ثناء اللہ نے ڈاکٹر شاہد مسعود پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعوے بے بنیاد ہیں، اعلی عدلیہ ڈاکٹر شاہد مسعود کیخلاف سخت ایکشن لے، اگر ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات درست ہیں تو ان کی تحقیقات کروائی جائیں، ورنہ ڈاکٹر شاہد مسعود پر ہی پابندی عائد کر دی جائے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے زینب قتل کیس میں نامزد ملزم کے بے شمار بینک اکائونٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملے میں طاقتور لوگ ملوث ہیں، رانا ثناء اللہ نے قصور ویڈیو اسکینڈل کو زمین کاجھگڑا قرار دے کر بند کرا دیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد مضبوط اور منظم گروہ کے آثار مل رہے ہیں، ملزم کے بے شمار بینک اکائونٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس معاملے میں طاقتور لوگ ملوث ہیں، ایک مضبوط جے آئی ٹی قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی بھی تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے قصور ویڈیو اسکینڈل کو زمین کا جھگڑا قرار دے کر بند کرادیا تھا رانا ثنا ء اللہ نے قصور ویڈیو اسکینڈل کیس میں بے شرمی کا مظاہرہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 699973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش