0
Friday 2 Feb 2018 12:33

صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کرکے خودکشی کی، پولیس

صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کرکے خودکشی کی، پولیس
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی کراچی جنوبی آزاد خان کا کہنا ہے کہ شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کے قتل سے متعلق ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے پریس ریلیز جاری کی ہے، جس کے مطابق گزشتہ روز دوپہر ڈھائی بجے کراچی کے درخشاں تھانے کو میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملنے کی اطلاع موصول ہوئی، لاشیں خیابانِ جانباز میں واقع بنگلے کے پہلی منزل پر اسٹڈی روم میں موجود تھیں، جس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ شواہد کے مطابق دونوں کی موت گولی لگنے سے واقع ہوئی، میر ہزار خان بجارانی کے سر پر اور فریحہ رزاق کے ایک گولی سر پر اور دو پیٹ میں لگیں، حاصل شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر خود کو گولی ماری، فائرنگ 30 بور پستول سے کی گئی تھی، جائے وقوعہ سے 4 خول اور دو گولیاں ملیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے کہا کہ فارنزک ٹیم نے فنگر پرنٹس اور دیگر تمام ثبوت اکھٹے کرلئے، کمرے میں موجود خون کے نمونے بھی محفوظ کرلئے گئے ہیں، گھر میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر قبضے میں لے لیا ہے۔

تمام ملازمین نے اپنے ابتدائی بیانات بھی پولیس کو قلمبند کرا دیئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے بیانات کے مطابق دونوں میں کئی روز سے ناچاقی چل رہی تھی، وقوعے کے وقت گھر اندر سے بند تھا، واقعے کے بعد بچوں نے ملازمین کے ساتھ مل کر دروازہ توڑا، تاہم واقعہ کی ہر پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہے۔ دوسری جانب میر ہزار خان کی میت ان کے آبائی گاؤں کرم پور پہنچا دی گئی ہے، جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا، جبکہ اہلیہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی اور کراچی میں ہی سپردخاک کیا جائے گا۔ میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا۔ مرحوم پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ تھے۔ میر ہزار خان بجارانی وزیر تعلیم اور وزیر صنعت و پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی 1947ء میں پیدا ہوئے اور انہوں نے لواحقین میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی کی اہلیہ فریحہ رزاق بھی 2002ء سے 2007ء تک خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 701620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش