0
Saturday 3 Feb 2018 18:51
"نہیں معبود کوئی، سوائے اللہ کے، اور محمد (ص) ہی اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں"

رانا ثناء اللہ نے اپنی عقیدے کی تجدید کرلی، کمیٹی نے "مسلمان" قرار دے دیا

رانا ثناء اللہ نے اپنی عقیدے کی تجدید کرلی، کمیٹی نے "مسلمان" قرار دے دیا
اسلام ٹائمز۔ پیر حمید الدین سیالوی کی قائم کردہ کمیٹی نے رانا ثناء اللہ کو مسلمان ڈکلیئر کرکے ان کے عقیدے کو درست قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ لاہور میں ختم نبوت (ص) سے متعلق بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوئے۔ اجلاس کی صدارت نظام الدین سیالوی نے کی جبکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید ضعیم قادری، مولانا رحمت اللہ اور دیگر علماء نے شرکت کی۔ وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ختم نبوت (ص) سے متعلق اپنے عقیدے کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت (ص) ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ اور لازمی جز ہے، ختم نبوت (ص) اور مقام نبی (ص) کے برخلاف عقیدہ رکھنے والا کوئی شخص مسلمان ہو ہی نہیں سکتا۔ کمیٹی نے وزیر قانون کا موقف سننے کے بعد ان کے عقیدہ ختم نبوت (ص) پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رانا ثناءاللہ کے بیان کردہ موقف کو آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمیدالدین سیالوی کے سامنے رکھیں گے جبکہ کمیٹی کے جو ممبران اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے انہیں بھی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پیر حمیدالدین سیالوی نے رانا ثناءاللہ کے ختم نبوت(ص) سے متعلق بیان پر احتجاج کرتے ہوئے وزیر قانون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور اس حوالے سے احتجاجی تحریک بھی شروع کی تھی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پیر حمیدالدین سے ملاقات کرکے ان کی شکایت کا ازالہ اور تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ جس پر پیر حمیدالدین سیالوی نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ رانا ثناء اللہ اس کمیٹی کے سامنے پیش ہوں اور وہاں رانا ثناءاللہ اپنے عقیدے کی تجدید کریں۔ جس پر کمیٹی خود چل کر رانا ثناء اللہ کے پاس گئی اور انہیں ان کے ایمان کے حوالے سے "کلین چٹ" دیدی۔ کمیٹی کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد رانا ثناء اللہ نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 701965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش