1
0
Saturday 7 May 2011 13:27

امریکہ اور آل سعود اگر درست ہو جائیں تو پوری دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے، ثروت اعجاز قادری

امریکہ اور آل سعود اگر درست ہو جائیں تو پوری دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے، ثروت اعجاز قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سابقہ آمرانہ حکومت کا تسلسل ہے اس میں صرف مشرف اور شوکت عزیز کی کمی ہے جو موجودہ حکمران پوری کر رہے ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، دہشت گردی اور مزارات اولیاء پر ہونے والے حملوں کے خلاف آج شاہ فیصل کالونی میں تحفظ مزارات اولیاء کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل اور سنی تحریک آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جن حکمرانوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا ہے اس کا خمیازہ بھی وہ اسی دنیا میں بھگتیں گے۔ سنی تحریک مذہبی، فلاحی، سماجی اور  سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہم نے ہمیشہ آواز حق بلند کی، لیکن ہماری آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے ہر دور میں استعمال کئے گئے۔ سنی تحریک عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے، اس لئے ہم ملک میں سیاسی و جمہوری تبدیلی چاہتے ہیں، جو عوام کی حمایت سے ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی تحریک کے مرکزی دفتر مرکز اہلسنت میں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس سے کیا۔ اس موقع پر سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، علامہ خضرالاسلام و اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔
محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اس ملک کو صرف محب وطن قوتیں ہی بچا سکتی ہیں، موجودہ حکومت اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگے اور فوری طور پر ملکی سلامتی کانفرنس بلائی جائے، جس میں پارلیمنٹ میں موجود اور باہر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ایبٹ آباد کے واقعہ کے حقائق عوام کے سامنے لائیں اور اس پر عوام کو اعتماد میں لیں۔ ثروت اعجاز قادری نے ملک بھر میں جاری انتہا پسندی اور دہشتگردی اور بالخصوص کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کو حکومتی نااہلی قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی مصلحت پسندی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ کراچی میں سنی تحریک کے درجنوں کارکنوں سمیت سینکڑوں معصوم شہریوں کے قاتلوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے تحت منعقدہ تحفظ مزارات اولیاء کانفرنس میں ملک اور بالخصوص مزارات اولیاء پر ہونے والی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکہ اور آل سعود اگر درست ہو جائیں تو پوری دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمن ایک ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ ملک میں معاشی اور تعلیمی انقلاب کے لئے تمام ایوانوں اور ایوانوں سے باہر بیٹھی پارٹیوں کو مل کر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکمران سیاسی مصلحت پسندی چھوڑ کر ان دہشت گردوں کو آکسیجن فراہم کرنا چھوڑ دیں تو یہ ختم ہو سکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور بیرونی دباؤ نے ملک کا دیوالیہ تو پہلے ہی نکال دیا تھا لیکن رہی سہی کسر ملک کی خود مختاری چیلنج ہونے پر حکمرانوں کی خاموشی کی وجہ سے پوری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگے اور فوری طور پر"ملکی سلامتی کانفرنس"بلائی جائے، جس میں پارلیمنٹ میں موجود اور باہر تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 70292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Macedonia
You’re on top of the game. Thanks for sahrnig.
ہماری پیشکش