0
Wednesday 4 May 2011 00:22

دہشت گردی پھیلانے اور دہشت گرد بنانے میں امریکہ سرفہرست ہے،امریکی اور سعودی فکر نے انتہا پسندی اور مذہبی جنونیت کو فروغ دیا،ثروت قادری

دہشت گردی پھیلانے اور دہشت گرد بنانے میں امریکہ سرفہرست ہے،امریکی اور سعودی فکر نے انتہا پسندی اور مذہبی جنونیت کو فروغ دیا،ثروت قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اس سوچ کو ختم کرنا ہو گا جس سے دہشتگردی جنم لیتی ہے۔ کسی ایک انتہاپسند یا گروہ کو قتل کر دینے سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ دہشتگردی بنیادی طور سے بڑی طاقتوں کے مفادات سے جنم لیتی ہے جو عام فرد کی معاشی اور سیاسی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر ان کو اپنے عوام اور سماج دشمن کاروائیوں میں استعمال کرتی ہیں جب کہ دنیا میں دہشتگردی پھیلانے میں سب سے اہم کردار اسلحہ کا استعمال ہونا اور اس کی ترسیل عام آدمی تک پہنچا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں دنیا میں دہشتگردی پھیلانے اور دہشتگرد بنانے میں سرفہرست امریکہ ہی دیکھائی دیتا ہے، امریکن اور سعودی فکر ایک ایسی لہر ہے جس نے برصغیر اور افغانستان، عراق، لیبیا، شام میں انتہا پسندی اور مذہبی جنونیت کو فروغ دیا ہے اور عام فرد کو استعمال کر کے اپنے تجارتی اور سیاسی مفادات کو حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے لیکر پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے وہ ہی عناصر ہیں جنہیں کل تک امریکہ نے سعودی فنڈنگ سے پال پوس کر بڑا کیا اور جدید ہتھیاروں کی ٹریننگ سے مسلح کیا تاکہ وہ طاقت کا استعمال کر کے امریکی مفادات کو پورا کریں۔ مگر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ امریکہ کے دہشتگردوں کی یہ ظالمان فوج پاکستان میں 35 ہزار بیگناہ عوام کی جان لینے کا سبب بنی اور پاکستان کو معاشی و سیاسی اور معاشرتی طور پر تباہ و برباد کیا۔ سنی تحریک نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز حق بلند کی اور دہشتگردوں کے مکروہ چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ امریکہ ہی وہ ملک ہے جس نے بار بار پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور ڈرون حملوں کے ذریعے سینکڑوں بے گناہ افراد کو لقمہ اجل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کے بدترین دور سے گذر رہا ہے، بیرونی قوتیں پاکستان پر میلی آنکھ جمائے ہوئے ہیں۔ لیکن پاکستانی عوام ہر اس آنکھ کو پھوڑنا اچھی طرح جانتی ہیں جو ملک وقوم کی بقاء و سلامتی کیلئے مسلسل خطرہ اور پوری دنیا میں تنہا کرنے کی سازش ہے، جسکو ہمارے محب وطن سیاستدانوں کو سمجھنا ہو گا، تاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک کی حدود کی خلاف ورزی کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 69653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش