0
Thursday 12 May 2011 11:25

جنوبی سمندروں تک رسائی کی پیشکش،دنیا بدل گئی،پاکستان اور روس کو سرد جنگ کی کشیدگی سے نکلنا ہو گا، زرداری

جنوبی سمندروں تک رسائی کی پیشکش،دنیا بدل گئی،پاکستان اور روس کو سرد جنگ کی کشیدگی سے نکلنا ہو گا، زرداری
ماسکو:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری روس کے 4 روزہ دورہ پر ماسکو پہنچ گئے۔ وزیر مہمان داری نے ان کا استقبال کیا، وہ آج اپنے روسی ہم منصب سے مذاکرات کرینگے۔ ماسکو سکول آف مینجمنٹ میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان طویل عرصہ تک فاصلہ رہا مگر اب دنیا بدل چکی ہے، اب دوریاں ختم ہونی چاہئیں، ہمیں سرد جنگ کی کشیدگی سے باہر نکلنا ہو گا، روس پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ امن اور ترقی کے حوالے سے پاکستان اور روس کے مقاصد یکساں ہیں، ان مقاصد کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون فطری بات ہے۔ دونوں ممالک کو باہمی معاشی تعاون کو وسعت دینے اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے کاروباری حضرات کو شامل کرکے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اہم ہے۔ گذشتہ 30 سال سے زائد کے عرصے کے بعد پاکستان کے کسی صدر کی جانب سے روس کے پہلے دورہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ طویل عرصہ تک پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان کچھ فاصلہ رہا ہے مگر اب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ہم نے پاکستان اور روس کے تعلقات کا نیا باب شروع کرنے کا فیصلہ کیا، میرا دورہ روس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔ پاکستانی صدر نے کہا کہ چاہے جو قیمت چکانا پڑے گی عسکریت پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ روس کو سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون بڑھانا ہو گا، آنے والی صدی ایشیا کی ہے، تجارتی سوچ جغرافیائی سوچ سے بالاتر ہوتی ہے۔ روس پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔
 دریں اثناء روس اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون پر معاہدہ ہوا۔ پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے دستخط کئے۔ روس کی طرف سے قومی سرمایہ کار ایجنسی کے سربراہ نے دستخط کئے۔ روسی نیوز ایجنسی ”اتار تاس“ سے انٹرویو میں صدر زرداری نے کہا کہ ان کے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی زندگی ملے گی۔ جنوبی سمندروں تک رسائی کا حصول روس کا خواب ہے، پاکستان جدید روس کو یہ موقع فراہم کرنے کی پیشکش کرتا ہے۔ ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان راجہ عبدالقیوم نے بتایا کہ صدر کے دورہ کے دوران کئی سمجھوتوں پر دستخط ہونگے اور اس دورے کا موضوع معیشت ہے۔ زرداری نے کہا کہ خطے میں خوشحالی کے لئے پاکستان اور روس کا تعاون ضروری ہے،خطے میں امن اور ترقی کے لئے پاکستان اور روس کا نقطہ نظر یکساں ہے، تعلقات کے نئے باب کا فیصلہ کیا ہے، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے کارپوریٹ شعبہ آگے آئے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سردجنگ کا دورختم ہو چکا، دنیا بدل رہی ہے۔ پاکستان، روس کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے باب کے آغاز کا خواہاں ہے۔ صدر زرداری نے ان خیالات کا اظہار ماسکو اسکول آف مینجمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ روس کثیر العلاقائی منصوبوں سے متعلق سرمایہ کاری اور کارپوریٹ سیکٹر کے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ دونوں ممالک نجی شعبے کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، سائنس وٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں ایک دوسرے سے استفادہ کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ روس پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
اس سے پہلے صدر آصف علی زرداری تین روزہ دورے پر ماسکو پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری آج اپنے روسی ہم منصب دمتری میدوی دیف سے ملاقات کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 71374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش