0
Wednesday 4 Apr 2018 22:18

ہم مذہبی انتہاپسندوں کی بی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دینگے، بلاول بھٹو

ہم مذہبی انتہاپسندوں کی بی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دینگے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب مولا جٹ بن کر ججز کو دھونس اور دھمکیوں سے ڈرانا چاہتے ہیں، جبکہ پوری زندگی ووٹ کو عزت نہ دینے والے آج ووٹ کی عزت کی بات کر رہے ہیں۔ اندرون سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر لٹکا کر پاکستان کے سنہری دور کو بھی لٹکا دیا گیا اور آج تک پاکستان کا سنہرا دور پھانسی گھاٹ پر جھول رہا ہے، جبکہ جمہوریت اور آئین بھٹو کا ہی کارنامہ ہے، یہ پاکستان بھٹو شہید کا تحفہ ہے، متفقہ آئین بنانا کوئی مذاق نہیں تھا، لیکن آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام رسوا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں نواز شریف اور عمران خان ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، لیکن ان کی جنگ منافقوں کی جنگ ہے اور مقصد صرف اقتدار میں آکر پیسہ بنانا ہے، ان کی سیاست اور معیشت امیروں کیلئے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جاتی امرا اور بنی گالہ میں سرمایہ دار جمع ہو چکے ہیں اور اگر یہ لوگ اقتدار میں آگئے، تو پتا نہیں ملک کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بتائیں وہ کس کے ساتھ ہیں، بھٹو کے وارثوں یا ضیاءالحق کے وارثوں کے ساتھ، طالبان کا بچھڑا بھائی عمران خان ہے، ہم مذہبی انتہاپسندوں کی بی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف آج ووٹ کی عزت کی بات کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے پوری زندگی ووٹ کو عزت نہیں دی، وہ صبح عدلیہ کو گالی دیتے ہیں اور رات کو اپنے وزیراعظم کو معافی کیلئے بھیج دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے میاں یا چھوٹے میاں سے ملک نہیں چلے گا، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کیے جا رہے تھے، مگر جیسے ہی سردیاں ختم ہوئیں، ان کا جھوٹ سامنے آگیا۔
خبر کا کوڈ : 715694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش