0
Thursday 5 Apr 2018 22:26

بھارت کی ترقی کیلئے قومی یکجہتی لازمی ہے، مولانا اسرارالحق قاسمی

بھارت کی ترقی کیلئے قومی یکجہتی لازمی ہے، مولانا اسرارالحق قاسمی
اسلام ٹائمز۔ ہندوستان کے عوام ہمیشہ سے باہمی اخوت اور یکجہتی کے ساتھ رہتے آئے ہیں اور جمہوریت اس ملک کی جڑوں میں پیوست ہے، جسے فرقہ پرست طاقتوں کی لاکھ کوششوں کے باوجود کمزور نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے معروف عالم دین و ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرار الحق قاسمی نے جمعیت علماء بہار کے ذریعہ منعقدہ قومی ایکتا و تحفظ شریعت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست بہار یا کشن گنج میں باہر کے لوگوں کے ذریعہ فساد و بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جائے گی تو ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے اور اس خطے کے ہندو مسلمان سب مل کر سماج دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ مولانا اسرار الحق قاسمی نے بھارت کے ہندو اور مسلمانوں کے مابین پائے جانے والے بھائی چارہ کے تاریخی جذبات کو بیان کرتے ہوئے کئی سال قبل ہریانہ کے چرخی دادری میں ہونے والے پلین کریش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاز ایک مسلم ملک سے آ رہا تھا اور دوسرے ملک کی طرف جا رہا تھا اور اس میں جتنے لوگ سوار تھے سبھی مسلمان تھے، مگر اس کے باوجود مقامی آبادی جس میں سارے ہندو تھے، انہوں نے نہ صرف اس حادثے میں متاثر ہونے والے تمام مسافروں کی دیکھ بال کی بلکہ جو لوگ بھی جائے حادثہ کے معائنہ کے لئے گئے ان کے قیام و طعام کا باقاعدہ انتظام کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہریانہ ہی کے ڈبوالی میں اسکول کے سالانہ اجلاس کے پنڈال میں آگ لگنے کی وجہ سے تجارت کے لئے گئے سینکڑوں لوگ پھنس گئے اور وہ سب ہندو تھے، مگر ان کی جان بچانے کے لئے ایک مسلمان لڑکا محمد شمیم آگے بڑھا اور وہ لوگوں کو آگ میں سے باہر نکالتا رہا، یہاں تک کہ خود بھی جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ دونوں واقعات خالص انسانیت نوازی پر مبنی ہیں اور اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ اس ملک کا ہر شہری ایک دوسرے کے تئیں بھائی چارہ کا جذبہ رکھتا ہے اور اسے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کرنے والی بعض پارٹیاں اور لیڈران عوام کی بنیادی ضروریات پر توجہ دینے کے بجائے لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر بانٹنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ ہم سب ایسی جماعتوں اور ایسے سیاست دانوں کی بد نیتی کو سمجھیں اور ان کے ناپاک ارادوں کو بروقت ناکام بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 715769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش