0
Wednesday 11 Apr 2018 21:18

عمران خان کراچی سے الیکشن لڑیں، انہیں عبرتناک شکست دینگے، بلاول بھٹو کا چیلنج

عمران خان کراچی سے الیکشن لڑیں، انہیں عبرتناک شکست دینگے، بلاول بھٹو کا چیلنج
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ آئیں اور کراچی سے الیکشن لڑیں، انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔ اندرون سندھ کے علاقے مٹھی میں تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا کوہ نور ہے، جس کا ہم بہت خیال رکھتے ہیں، لیکن آج بھی کراچی پر ایک سیاسی پارٹی کا قبضہ ہے اور کراچی کے بلدیاتی ادارے ایک مخصوص جماعت کے پاس ہیں، جو آپس میں لڑ رہے ہیں، جبکہ وہ خود کام کر رہے ہیں اور نہ کسی اور کو کرنے دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں بہت منصوبے شروع کئے، چاہتا ہوں کہ کراچی کے عوام صرف پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں، ہم کراچی کو تبدیل کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چیلنج ہے کہ وہ سندھ آئیں اور کراچی سے الیکشن لڑیں، انہیں عبرتناک شکست دیں گے، جبکہ پیپلز پارٹی اس بار نہ صرف سندھ، بلکہ وفاق سے بھی الیکشن جیتے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھرکول منصوبے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی تھر میں آئی ہے، لیکن سیاستدانوں اور میڈیا نے تھر کے عوام کو حقوق نہ دے کر زیادتی کی اور تھر میں جو انقلاب آیا، اس سے عوام کو آگاہ نہیں کیا گیا، تھر میں بجلی پیدا ہو رہی ہیں، تھر معیشت میں بڑا حصہ ڈال رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور پنچاب میں ایسا کوئی منصوبہ نہیں، جیسا تھر میں منصوبہ چل رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا مسئلہ یہ رہا کہ وہ پورے ملک کو چھوڑ کر ایک شہر کے وزیراعظم بن کر کام کرتے رہے اور وفاقی حکومت کو جب موقع ملا، اس نے سندھ سمیت دیگر چھوٹے صوبوں کو تنگ کیا۔
خبر کا کوڈ : 717299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش