0
Sunday 29 Apr 2018 22:42

ایک بھی بے گناہ کا خون بہائے بغیر کراچی میں امن قائم کیا، مراد علی شاہ

ایک بھی بے گناہ کا خون بہائے بغیر کراچی میں امن قائم کیا، مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے نام نہاد بجٹ پیش کیا، کراچی کے لئے 25 ارب کا بجٹ نہیں دیا گیا بلکہ 5 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شریف برادران ہمیشہ کراچی کا خون چوستے رہے، جو شہر پورا ملک چلاتا ہے اس کے لئے وفاقی بجٹ میں 25 ارب روپے مختص کئے گئے، مجھے بتادیں یہ رقم کس بجٹ کی کتاب میں ہے؟ وفاقی بجٹ میں صرف 5 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا یہ رقم تو دو ماہ میں ختم ہوجاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر الیکشن سے پہلے کراچی میں نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں، 2013ء کا الیکشن ہارنے کے بعد عمران خان کراچی سے غائب ہوگئے اور اب الیکشن قریب آتے ہی وہ یہاں کے دورے کرنے لگے ہیں، عمران خان کو کہا ہے کہ سیاست ان کا کام نہیں وہ کرکٹ کھیلیں، عوام کی خدمت کرنا صرف بھٹو خاندان کا کام ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کے دورہ کراچی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شریف برادران نے کراچی کا خون چوسا ہے، نواز شریف چار سال وزیراعظم رہے کیا ایک رات بھی کراچی میں گزاری؟ نواز شریف کا چھوٹا بھائی کراچی کو کبھی نیویارک بنانے کا کہتا ہے تو کبھی کچھ، لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کا دل کراچی والوں کے ساتھ نہیں دھڑکتا بلکہ عوام کے دلوں میں پیپلز پارٹی رہتی ہے۔ کراچی میں امن و امان سے متعلق مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ ایک بھی بے گناہ شخص کا خون بہائے بغیر کراچی میں امن قائم کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی اور سندھ کی خدمت کی اور آگے بھی کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 721351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش