0
Thursday 3 May 2018 11:43

کوئٹہ، امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے نئی ایلیٹ فورس متعارف

کوئٹہ، امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے نئی ایلیٹ فورس متعارف
اسلام ٹائمز۔ ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ شہر میں جاری دہشت گردی کو کنٹرول کرنے اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ایلیٹ فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، مذکورہ اہلکار موٹر سائیکلوں پر گشت کریں گے۔ اہلکاروں کو پاک فوج سے جدید تربیت فراہم کی گئی ہے، کوئٹہ شہر میں 400 اہلکاروں پر مشتمل ایلیٹ فورس کو 25 بیٹ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مذکورہ اہلکاروں کو جدید یونیفارم، بلٹ پروف جیکٹ، سٹیل ہیلمٹ فراہم کی گئی ہے اور چار موٹر سائیکلوں پر مشتمل دستہ گشت کرتے ہوئے 8 گھنٹے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ مذکورہ فورس دو شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ فورس کے دستے کو موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان، ایس ایس پی ایڈمن طارق مستوئی اور ایس ایس پی لیگل سجاد ترین سمیت ڈی ایس پی بابر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر ڈی آئی جی نے مذکور دستے کو فلیگ مارچ کے لئے روانہ کیا۔ مذکورہ دستہ نے بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ پولیس کے دیگر اسکواڈ کے ہمراہ ڈبل روڈ، حالی روڈ، جناح روڈ، قندھاری بازار، خدائیداد چوک، امداد چوک، سریاب پھاٹک، سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ، سمنگلی روڈ، ائیرپورٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گشت کرتا ہوا واپس پہنچ کر اپنی اپنی بیٹ کے علاقوں میں جا کر اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ 200 موٹر سائیکلوں پر مذکورہ ایلیٹ فورس کا اسکواڈ کوئٹہ میں جاری دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے لانچ کیا گیا ہے، جس کو ایلیٹ فورس کی تربیت کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اہلکاروں کو جدید وردی، کمونیکشن سسٹم، اسٹیل ہلمٹ، بلٹ پروف جیکٹ فراہم کی گئی ہے۔

مذکورہ دستے کو دو ماہ کی جدید تربیت دی گئی ہے اور فورس کے لئے 25 بیٹ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک دستے میں 4 موٹر سائیکلیں ہوں‌ گی اور دونوں جوان جدید اسلحہ سے لیس ہونگے۔ اس فورس کو لانچ کرنے کا مقصد موجودہ صورتحال میں چھوٹی گلیوں اور دیگر علاقوں میں ملزمان کا باآسانی تعاقب کرکے انہیں منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ مذکورہ اہلکار کسی بھی جگہ کھانے یا نماز کی ادائیگی سمیت سستانے کے لئے نہیں رکیں گے۔ آرام کے لئے تھانہ میں جائیں گے۔ مذکورہ اہلکار پولیس اور ایف سی کی چوکی یا ناکے کے قریب سنیپ چیکنگ کرنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور ہلمٹ پہننے اور چادر اوڑھنے والوں کو روک کر چیک کریں گے۔ مذکورہ فورس دو شفٹوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی سرانجام دیگی۔ انہیں فیول ان کے تھانوں سے مہیا کیا جائے گا۔ انہیں عوام کیساتھ اچھا برتاؤ کرنے، پولیس اور شہریوں میں بہتر تعلقات استوار کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ فورس کے لئے خصوصی ایس او پی تیار کی ہے۔ بروری کے علاقے میں کچھ علاقوں کو بند کرنے کی ضرورت تھی، کیونکہ ہمارے پاس اتنی نفری نہیں کہ وہاں پر تعینات کی جا سکے۔ اس لئے ان علاقوں کو بند کر رہے ہیں۔ پولیس صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک گشت کرتی ہے۔ ایلیٹ فورس کے 350 نئے تربیت یافتہ یہ نوجوان اس فورس کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ کسی تھانے سے کوئی نفری نہیں لی۔ ڈیڑھ سو سی سی نئی موٹر سائیکلیں آئندہ چند روز میں مل جائیں گی، جو ایلیٹ فورس کے جوانوں کو دی جائیں گی، بقیہ موٹر سائیکلیں کچھ عرصہ کے بعد اسکواڈ میں شامل ہونگی۔
خبر کا کوڈ : 722078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش