0
Monday 4 Jun 2018 13:29

نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے تکلیف ہے جس پر انہوں نے ممبئی حملوں والا الزام پاکستان پر لگایا، حافظ سعید

نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے تکلیف ہے جس پر انہوں نے ممبئی حملوں والا الزام پاکستان پر لگایا، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعتہ الدعو پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے تکلیف ہے تبھی ممبئی حملوں کا الزام لگایا، خودمختار کشمیر کا نعرہ دم توڑ چکا، سب پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں، کشمیری شہادتیں پیش کرکے اپنا حق ادا کر رہے ہیں پاکستان خطرات کی زد میں ہے، ان حالات میں ہمیں یکسو اور متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہے۔ کشمیر کے مسئلہ کو حقیقی اہمیت دینی ہوگی۔ بھارت پاکستان کے دریاؤں پر ڈیم بنا رہا ہے اور پاکستان کا پانی روک رہا ہے۔ 70فیصد پانی پر بھارت قبضہ کر چکا ہے، اس پر دنیا خاموش ہے، ہمارے حکمران بھی خاموش ہیں، اتحادی ممالک افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں، نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے تکلیف ہے جس پر انہوں نے ممبئی حملوں والا الزام پاکستان پر لگایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ دفاعی حوالے سے سب سے اہم مسئلہ کشمیر ہے جو ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا تھا، بھارت کشمیر میں ڈیم بنا رہا ہے۔ سندھ طاس معاہدے میں جن دریاؤں کی ذمہ داری دنیا نے لی کسی نے بھارت کو نہیں روکا۔ پاکستان خود اس حوالے سے خاموش رہا، بھارتی وزیراعظم مودی نے ڈیم کا افتتاح کیا، مزید دو ڈیم دریائے سندھ کے پانی پر لداخ کے مقام پر تیار کر رہا ہے۔ ہمارے70 فیصد پانی پر بھارت قبضہ کر چکا ہے، صرف 30 فیصد پانی پاکستان کو مل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں سی پیک بہت اہم ہے، سی پیک کی طرح پانی کا مسئلہ بھی پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، اس پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ پانی کے مسئلہ کو ہر حال میں حل کرنا ہے، انڈیا آگے بڑھ رہا ہے اور ہم غفلت کا شکار ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں تحریک جاری ہے جس نے انڈیا کا پروپیگنڈا ناکام بنا دیا کہ کشمیری کچھ نہیں چاہتے۔ خودمختار کشمیر کا نعرہ دم توڑ چکا ہے۔ سب پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں، کشمیری شہادتیں پیش کرکے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے، امریکا پاکستان کو سزا دینے کیلئے شام سے داعش کو افغانستان میں لاچکا ہے، اس داعش نے پہلے عراق اور شام میں مسلمانوں کا خون بہایا۔ آج انڈیا کو امریکا نے فری ہینڈ دے دیا ہے، انڈیا اور اسرائیل نے پاکستان کے خلاف معاہدے کئے ہیں جن میں سرجیکل اسٹرائیک بھی شامل ہے، یہ بہت مشکل صورتحال ہے، سب سے پہلے قوم کو شعور دینے کی ضرورت ہے، اس حوالہ سے سب سے اہم اور بڑا ذریعہ میڈیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع سب سے اہم مسئلہ ہے، اگر ملک محفوظ ہے تو سب کچھ کیا جاسکتا ہے۔ ہمارے مشرق اور مغرب کی سرحدوں پر انڈیا و امریکا بیٹھے ہیں۔ ہمیں زیادہ خطرہ مغربی بارڈر سے ہے، موجودہ صورتحال میں پوری قوم کو فکری و عملی طور پر اکٹھا کرنا ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 729468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش