0
Tuesday 12 Jun 2018 10:04

ایم ایم اے ملک و قوم کو امریکی غلامی نجات دلائے گی، لیاقت بلوچ

ایم ایم اے ملک و قوم کو امریکی غلامی نجات دلائے گی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ موجودہ حالات میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے سیکولر قوتیں خوفزدہ ہو چکی ہیں، دینی جماعتوں کا اتحاد ملکی سلامتی کا ضامن ہے، غریب عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف ایم ایم اے کے پاس ہے، ہم ملک و قوم کو امریکی غلامی نجات دلائیں گے عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ لاہور میں حافظ یاسر معراج کی نماز تراویح میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور لبرلز طبقے کا راستہ نہ روکا گیا تو ملک کے اسلامی تشخص کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے، لادینی قوتوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے قوم کو اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے جو ہمیں پیار، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے، اسلام کے نام پر وجود میں آنیوالے پاکستان میں آج انگریزوں کا بنایا ہوا نظام لاگو ہے۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب تک حقیقی معنوں میں ملک میں اسلامی شرعی نظام کیلئے عملی جدوجہد نہیں کی جائے گی اس وقت تک ہم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتے۔ متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم سے انتخابات لڑنا بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، قوم ان سیکولر اور لادین افراد کو مسترد کر دے جنہوں نے 70 برسوں سے ملک و قوم کو لوٹا اور ایسے اقدامات کئے جو اللہ اور اس کے رسول (ص) کی ناراضگی کا باعث بنے، اسلام کے نام پر وجود میں آنیوالے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے، فحاشی و عریانی کو فروغ دے کر ہماری نوجوان نسل کو بے راہ روی کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے اور اسے دین سے دور کیا جا رہا ہے، اگر ہم نے اسلام اور ملک دشمن قوتوں کا راستہ نہ روکا تو ہمارا معاشرہ اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے نظام مصطفٰی (ص) کا نفاذ کیا جائے، 2018ء کے عام انتخابات میں عوام دیانتدار قیادت کو موقع فراہم کریں۔
خبر کا کوڈ : 731129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش