0
Friday 15 Jun 2018 15:54

چابہار اور گوادر بندرگاہوں کے آپس میں رابطے سے دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہونگے، محمد خان اچکزئی

چابہار اور گوادر بندرگاہوں کے آپس میں رابطے سے دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہونگے، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ چابہار اور گوادر بندرگاہوں کے آپس میں رابطے سے پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ ایران اور پاکستان اپنے تاریخی، ثقافتی اور دینی رشتوں کی بدولت ہمیشہ سے دوستانہ قریبی تعلقات میں قائم رہے ہیں۔ دنوں ممالک نظم وضبط کے اصولوں پر مبنی امن و تعاون کے ساتھ خطے میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل محمد رفیع کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، مولانا عبدالحق ہاشمی، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان رؤف عطاء ایڈووکیٹ، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ، علامہ جمعہ اسدی، قاری عبدالرحمان نورزئی، سید حبیب اللہ چشتی، ایوب خلجی، عبدالقدوس ساسولی و دیگر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی و ثقافتی قربتوں کے علاوہ ایران اور پاکستان کے عوام کے مابین ہمسائیگی اور علاقائی مواقعوں کی بدولت ہمیشہ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دن بدن بڑھتے ہوئے تعلقات قائم و دائم رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب دو سو ملین ڈالر تک بڑھ چکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور کرنسی کے لئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات سے یہ حجم مزید بڑھے گا۔ اس طریقے سے دو ہمسایہ ممالک باہمی ضروریات پوری کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ ہمسائیگی اور سینکڑوں کلو میٹر دور سمندری اور زمینی بارڈر کی بناء پر دونوں جانب تجارت کو فروغ دینے میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے۔ ابھی بھی دونوں ممالک کے درمیان ہونی والی تجارت کا بہت بڑا حصہ روڈ اور ریلوے لائن کے ذریعے اسی صوبہ سے سرانجام پا رہے ہیں۔ چابہار اور گوادر بندرگاہوں کے آپس میں رابطے سے پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 731403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش