0
Sunday 8 Jul 2018 13:43

کیپٹن (ر) صفدر کا آج اپنی گرفتاری دینے کا اعلان

کیپٹن (ر) صفدر کا آج اپنی گرفتاری دینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔  سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے گرفتاری دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے آڈیو بیان جاری کرتے ہوئے آج باضابطہ گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ شہر کے درمیان سے گرفتاری دینے کا سوچا تھا، لیکن پارٹی فیصلے کے نتیجے میں کسی اور شہر سے آج گرفتاری دے دوں گا، گرفتاری دینا غیرت کا تقاضا ہے اور اس حوالے سے پارٹی فیصلے کا احترام کروں گا۔ مجرم کی گرفتاری کیلئے نیب راولپنڈی بیورو اور خیبر پختونخوا بیورو کی ٹیمیں پہلے سے ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں موجود ہیں۔ ہری پور میں بھی کیپٹن (ر) صفدر کے گھر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ کیپٹن (ر) صفدر عدالتی فیصلے کے بعد روپوش ہوگئے تھے، جبکہ نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب کی گرفت میں نہیں آسکے۔ واضح رہے کہ کیپٹن صفدر کو اس سے پہلے 9 اکتوبر 2017 کو بھی نیب مقدمے میں احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔ وہ لندن سے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ائرپورٹ پر ہی نیب نے انہیں حراست میں لے کر اگلے روز عدالت میں پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 736491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش