0
Monday 30 Jul 2018 23:21

گورنر سندھ اور اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی میں کھینچا تانی

گورنر سندھ اور اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی میں کھینچا تانی
اسلام ٹائمز۔ نومنتخب ارکان کی حلف برداری اور حکومت سازی سے پہلے ہی تحریک انصاف میں گورنر اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدوں کے لئے گروپنگ شروع ہوگئی۔ گورنر سندھ کے لئے رشید گوڈیل اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے کے لئے خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نقوی میں کھینچا تانی شروع ہوگئی، انتخابات سے قبل دھڑے بندی کا شکار تحریک انصاف سندھ میں پی ٹی آئی کا ہر گروپ اپنی بالادستی اور من پسند شخصیت کو اعلیٰ عہدہ دلانے کے لئے سرگرم ہوگیا ہے اور اپنے اپنے لوگوں کی اہم عہدوں پر نامزدگی کے لئے کراچی سے بنی گالا تک لابنگ شروع کردی ہے۔ سندھ میں نئے گورنر کے لئے نعیم الحق، ممتاز بھٹو، عقیل کریم ڈھیڈی اور منیر کمال کے لیے لابنگ جاری تھی کہ اب گورنر کی دوڑ میں کراچی سے ایک اور مضبوط امیدوار رشید گوڈیل کا نام سامنے آگیا ہے اور ان کے لئے بھی لابنگ شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے معاملے پر بھی گروپ بندیوں میں الجھ گئی ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے خرم شیر زمان کا نام سامنے آنے پر ایک گروپ نے ان کی شدید مخالفت کردی ہے۔ پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے خرم شیر زمان کی جگہ فردوس شمیم نقوی کو لانے کے لئے ایک طاقتور گروپ متحد ہوگیا ہے جس کا موقف ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لئے نوجوان کے بجائے بڑی عمر اور تحمل و برداشت والے شخص کی ضرورت ہے اور اس کے لئے فردوس شمیم نقوی سب سے موزوں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 741336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش