0
Thursday 2 Aug 2018 13:26

آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام، لیگی رہنما امیر مقام نیب میں پیش

آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام، لیگی رہنما امیر مقام نیب میں پیش
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں آج نیب خیبر پختونخوا میں پیش ہو گئے۔ قومی احتساب بیورو نے امیر مقام کو بیان قلمبند کرانے کیلئے آج طلب کر رکھا ہے، ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق امیر مقام پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں جائیدادیں جبکہ سوات، شانگلہ اور پشاور میں زرعی اراضی خریدنے کا الزام ہے۔ نیب حکام نے امیر مقام کو آج طلب کیا تھا جس پر وہ پشاور میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں نیب حکام نے ان سے سوال و جواب کئے۔ نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا کہ نیب نے ایک فارم دیا ہے جس میں اثاثوں کی تفصیل بتانی ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے مستریوں نے کے پی کے میں دیواریں ٹیڑھی بنائی ہیں، کے پی کے میں پہاڑ گنجے ہیں، لہٰذا نیب بلین ٹری منصوبے کا نوٹس لے۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج سے پتہ چل رہا ہے کہ الیکشن میں کیا ہوا، ہمارا فرق صرف 40 ووٹوں کا فرق تھا اور دوبارہ گنتی میں چار تھیلے غائب ہو گئے۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا گیا، اس کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئے۔ یاد رہے کہ نیب نے امیر مقام کو پہلی مرتبہ 12 اور پھر 19 جولائی کو طلب کیا، تاہم انہوں نے انتخابی مصروفیات کے باعث نیب سے پیشی کیلئے معذرت کرتے ہوئے وقت مانگا۔
خبر کا کوڈ : 741987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش